کرپشن کے خلاف ٹرین مارچ کا استقبال ،جماعت اسلامی کے تحت شہر بھرمیں کیمپ قائم کردیے گئے

مردوخواتین ،نوجوانوں اور بزرگ بڑی تعداد میں کینٹ اسٹیشن پہنچیں گے، استقبال کرپشن فری پاکستان کا استقبال ہوگا،حافظ نعیم الرحمن

بدھ 25 مئی 2016 21:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء) جماعت اسلامی کے تحت پشاور تا کراچی کرپشن فری پاکستان ٹرین مارچ کے کراچی میں شاندار اور تاریخی استقبال کی تیاریوں اور عوامی رابطے کے لیے کراچی میں اہم پبلک مقامات چوراہوں اور شاہراؤں پر استقبالیہ کیمپ قائم کردیے گئے ہیں ۔ٹرین مارچ جمعہ 27مئی کو عوام ایکسپریس کے ذریعے کراچی پہنچے گا اور شام 7بجے کینٹ اسٹیشن پر فقید المثال استقبال کیا جائے گا۔

ٹرین مارچ کی قیادت امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کررہے ہیں ۔امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے گلشن اقبال میں بیت المکرم مسجد سے متصل قائم استقبالیہ کیمپ کا افتتاح کیا اور خطاب کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا کے نمائندوں سے بھی گفتگو کی۔

(جاری ہے)

کیمپ پر جماعت اسلامی کے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ حافظ نعیم الرحمن اور دیگر رہنماؤں اور کارکنوں نے عوام میں ٹرین مارچ کے ہینڈ بلز بھی تقسیم کیے اور عوام کو ٹرین مارچ میں شرکت کی دعوت دی ۔

کیمپ پر کرپشن کے خلاف دستخطی بینرز بھی لگایا گیا تھ اجس پر عوام نے اپنے دستخط کیے اور کرپشن کے خلاف جدوجہد کا عزم کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے کیمپ پرخطاب کرتے ہوئے کہا کہ سراج الحق کرپشن کے خلاف آواز بلند کررہے ہیں اور ٹرین مارچ لے کر نکلے ہیں۔کرپشن ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور ملک و قوم جس بحران سے دوچار ہے اس کی بنیادی وجہ بھی کرپشن ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف تحریک اور ٹرین مارچ وقت کی ضرورت ہے اور عوام کے دل کی آواز ہے ۔27مئی کو کراچی کے عوام مردوخواتین ،نوجوان ،بزرگ اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کینٹ اسٹیشن پہنچیں گے اور شاندار اور تاریخی استقبال کریں گے اور یہ استقبال صرف سراج الحق یا ٹرین مارچ کا استقبال نہیں بلکہ کرپشن فری پاکستان کا استقبال ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کی نج کاری میں مشرف اور ایم کیو ایم ملوث ہیں اور عوام کو اربوں روپے کے نقصانات سے دوچار کیا ہے ۔کے الیکٹر ک نے عوام پر ظلم ڈھایا ہے ۔جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کے خلاف سپریم کورٹ میں مقدمہ دائر کیا ہوا ہے ۔جماعت اسلامی کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی ۔کسی حکمران نے اس شہر کو اپنا نہیں سمجھا ہے ۔کراچی کے عوام بجلی اور پانی کے بحران سے دوچارہیں ۔

ٹرانسپورٹ کا مسئلہ ہے اور کرپشن کی وجہ سے ہی کراچی کے عوام بھی مسائل اور مشکلات میں پھنسے ہوئے ہیں ۔عوام آگے بڑھیں گے اور اتحاد ویکجہتی کا اظہار کریں گے تو حکمران مبجور ہوں گے کہ عوام کو ریلیف دیں انہوں نے کہا کہ حکمران طبقہ کرپشن میں ملوث ہے اور وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے خاندان نے ٹیکس بچانے کے لیے پیسہ ملک سے باہر بھیجا اور آف شور کمپیناں قائم کیں ۔

جب حکمران طبقہ خود اپنی دولت باہر لے جائے گا تو ملک کے اندر باہر سے کون سرمایہ کاری کرے گا؟۔ انہوں نے کہا کہ حکمران بیرونی عالمی اداروں کے کہنے پر پالیسیاں بنارہے ہیں ۔نیا بجٹ آنے والا ہے لیکن یہ تو صرف نام کا بجٹ ہوگا اصل میں تو اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے احکامات کے مطابق پالیسی بنالی ہے اور قومی اداروں کی نج کاری کر کے ان کو خوش کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

یونس بارائی نے کہا کہ سراج الحق امانت اور دیانت کی بہترین مثال ہیں انہوں نے خیبر پختونخوامیں وزیر خزانہ اور سینئروزیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائی ہیں اور ان کے کردار پر کوئی انگلے نہیں اٹھاسکتا ۔جماعت اسلامی کے دیگر ارکان پارلیمنٹ کا دامن بھی کرپشن سے پاک ہے اور ہم نے خود کو سب سے پہلے احتساب کے لیے پیش کیا ہے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی قیادت ہی عوامی مسائل حل کرسکتی ہے ۔عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔کرپشن فری پاکستان تحریک کا حصہ بنیں۔