پیمراشکایات کونسل نے صوبائی وزیرِتعلیم کی اے آر وائی نیوز کیخلاف شکایت پر کاروائی مؤخر کر دی

بدھ 25 مئی 2016 21:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مئی۔2016ء)پیمراشکایات کونسل لاہور نے چئیرپرسن ڈاکٹر مہدی حسن کی زیرِ صدارت منعقدہ 62 ویں اجلاس میں رانا مشہود خان، صوبائی وزیرِتعلیم پنجاب کی اے آر وائی نیوز کے اُن پر کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کرنے کے الزامات کیخلاف دائر شکایت کی سماعت مذکورہ چینل کی درخواست پر اگلے اجلاس تک مؤخر کر دی۔

کونسل نے پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر/رجسٹرار ، محترمہ دیپ سعیدہ، واپڈا اور پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے بالترتیب اے آر وائی نیوز، چینل - 92 اور سما ٹی وی کیخلاف دائر شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے مذکورہ چینلز کو شکایت کنند گان کو اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کے دفاع میں وضاحت دینے کے لیے مذکورہ چینلز پر معمول کی نشریات کے دوران موقع فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

کونسل نے قومی احتساب بیورو (NAB)کی جانب سے رائل ٹی وی کیخلاف دائر شکایت کی سماعت پر کاروائی مذکورہ چینل کو اگلے اجلاس تک جواب دائر کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے مؤخر کر دی ۔کونسل نے ایف ایم - 94قصور کو ایک شہری کے خلاف ہتک آمیز ریمارکس نشر کرنے کی غلطی پر معافی نشر کرنیکی ہدایت کی ہے۔ کونسل کے اجلاس میں ڈاکٹر صغریٰ صدف، ڈاکٹر مبشر ندیم، ڈاکٹر لبنیٰ ظہیر ، افتحار احمد تارڑ،ممبران شکایات کونسل اور ڈاکٹر محمد صفدر رحمن(ریجنل جنرل منیجر/سیکریٹری کونسل)نے شرکت کی۔