امریکی دھمکیوں کیخلاف مذہبی و سیاسی جماعتوں کو ساتھ ملا کر ملک گیر تحریک چلائیں گے‘ بلوچستان میں امریکی ڈرون حملہ پاکستان کی سلامتی وخودمختاری پر حملہ ہے‘ ملکی سلامتی کو درپیش خطرات پر کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کرسکتے‘امریکہ پاکستان میں ڈرون حملوں کے ذریعے انتشار پھیلانے کی کوششیں کر رہا ہے‘ ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کئے بغیر بیرونی سازشوں پر قابو پانا ممکن نہیں ہے

امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان کاپروفیسر حافظ محمد سعید کا بیان

بدھ 25 مئی 2016 21:26

امریکی دھمکیوں کیخلاف مذہبی و سیاسی جماعتوں کو ساتھ ملا کر ملک گیر ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مئی۔2016ء) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈرون حملے جاری رکھنے کی امریکی دھمکیوں کیخلاف مذہبی و سیاسی جماعتوں کو ساتھ ملا کر ملک گیر تحریک چلائیں گے ، بلوچستان میں امریکی ڈرون حملہ پاکستان کی سلامتی وخودمختاری پر حملہ ہے۔ ملکی سلامتی کو درپیش خطرات پر کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کرسکتے۔

امریکہ پاکستان میں ڈرون حملوں کے ذریعے انتشار پھیلانے کی کوششیں کر رہا ہے۔ ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کئے بغیر بیرونی سازشوں پر قابو پانا ممکن نہیں ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ کل جمعہ کو ڈرون حملوں کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج کے ذریعہ دنیا پر ثابت کریں گے کہ پوری پاکستانی قوم ان حملوں کے خلاف ہے اورملکی سرحدی حدود کی خلاف ورزیوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جماعۃالدعوۃ کی طرف سے 27مئی جمعہ کو لاہور، اسلام آباد، کراچی، حیدرآباد، ملتان اور پشاور سمیت پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے، ریلیاں نکالی جائیں گی اور جلسوں ، کانفرنسوں و سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا۔ یوم احتجاج کے دوران ملک بھر میں کئے جانے والے احتجاجی مظاہروں میں دیگر مذہبی وسیاسی جماعتوں کے قائدین کو بھی شریک کیا جائے گا تاکہ ڈرون حملوں کے ذریعہ کی جانے والی دہشت گردی کے خلاف موثر انداز میں آواز بلند کی جا سکے۔

انہوں نے کہاکہ امریکہ افغانستان میں اپنی ناکامی کا ذمہ دار پاکستان کو سمجھتا ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ پاکستان کو ہدف بناکر نقصانات سے دوچار کرنے کی کوششیں کر رہا ہے۔بھارت و امریکہ نے پاکستان کو خصوصی ہدف بنا رکھا ہے۔ انڈیا بلوچستان اور گلگت بلتستان میں انتشار پھیلاکر اقتصادی راہدای کو ناکام بنانے کی کوششیں کر رہا تھا، لیکن وہ اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکا۔

یہی وجہ ہے کہ اب وہ چاہ بہار میں میں بھاری سرمایہ لگاکر پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔تہران میں بھارت، افغانستان اور ایران کے مابین معاہدے اسی سلسلہ کی کڑی ہیں تاہم انہیں یا درکھنا چاہیے کہ ان کی یہ کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔انہوں نے کہاکہ ایران میں سہ فریقی معاہدہ پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف گریٹ گیم کا حصہ ہے۔افغانستان انڈیا کی جاگیر نہیں، وہ خطے میں اپنی تھانیداری کا خیال ترک کردے۔

حافظ محمد سعید نے کہاکہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ یہاں ڈرون حملے کئے جائیں اورپھر اس کے ردعمل میں خودکش حملے پروان چڑھائے جائیں تاکہ وطن عزیز پاکستان کو نقصانات سے دوچار کیا جاسکے۔حکومت پاکستان کو امریکی صدراوبامہ کے دھمکی آمیز بیانات پر کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کرنی چاہیے اور تمام بین الاقوامی فورمز پر اس سلسلہ میں بھرپور آواز بلند کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ ڈرون حملے پاکستان کی سالمیت و خودمختاری پر حملہ ہیں۔ حکمرانوں و سیاست دانوں سمیت عوام کا ہر طبقہ ملک و ملت کے دفاع کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔