اسلام آباد،جماعۃ الدعوۃ ڈرون حملوں کے خلاف 27 مئی کو جامع مسجد قباء میں احتجاجی مظاہرہ کرے گی

بدھ 25 مئی 2016 21:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مئی۔2016ء ) جماعۃ الدعوۃکی طرف سے امریکی صدراوبامہ کی پاکستان میں ڈرون حملے جاری رکھنے کی دھمکیوں کے خلاف27مئی کو ملک بھر کی طرح اسلام آباد میں بھی احتجاج کیا جائے گا۔ جامع مسجد قباء آئی ایٹ مرکز کے باہر بعد نماز جمعہ بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا جس میں جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنماؤں کے علاوہ دیگر مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی خطاب کریں گے۔

اس امر کا اعلان جماعۃ الدعوۃ اسلام آباد کے مسؤل شفیق الرحمن نے گزشتہ روز ایک اجلاس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے اور امریکی صدر اوباما کا مزید حملوں سے متعلق دھمکی آمیز بیان پاکستان کی سالمیت و خودمختاری پر حملہ اور کھلا اعلان جنگ ہے۔ ڈرون حملوں کے ذریعہ پاکستانی سرحدی حدود کی خلاف ورزی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ یہاں ڈرون حملے کئے جائیں اورپھر اس کے ردعمل میں خودکش حملے پروان چڑھائے جائیں تاکہ وطن عزیز پاکستان کو نقصانات سے دوچار کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مریکہ کو افغانستان میں بیٹھا ملا فضل اﷲ کیوں نظر نہیں آتا ؟بلوچستان ڈرون حملہ مذاکرات اور افغانستان میں قیام امن کی کوششیں ناکام بنانے کیلئے کیا گیا۔

پاکستان میں بھارتی مداخلت پر امریکہ نے کبھی بات نہیں کی۔شفیق الرحمن نے کہا کہ ڈرون حملے عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی بھی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ امریکی صدر کی طرف سے ڈرون حملے جاری رکھنے کے اعلان پر ان حملوں کو روکنا موجودہ حکومت کے لئے بہت بڑا چیلنج ہے۔ اگر ڈرون حملے روکنے کی کوشش نہ کی گئی تو ملک میں ایک بار پھر امن و امان کا مسئلہ پیدا ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو امریکہ پر واضح کر دینا چاہئے کہ ہم آئندہ ڈرون حملوں پر خاموش نہیں رہیں گے۔ کوئی قوم اپنی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرتی۔ اوباما کے ڈرون حملوں کے حوالے سے دیئے جانے والے بیان سے ان کی نیت واضح ہوگئی ہے۔ اس مسئلہ پر تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کوبھرپور آواز بلند کرنا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :