ڈرون حملے اورملا منصور کی ہلاکت پر چوہدری نثارنیجراتمندانہ موقف دیکر قوم کے جذبات کی ترجمانی کی ہے،شاہد ریاض ستی

بدھ 25 مئی 2016 21:23

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مئی۔2016ء ) پنجاب کے سابق پارلیمانی سیکریٹری اور مسلم لیگ ن کے راہنماء شاہد ریاض ستی نے کہا ہے کہ پاکستانی علاقے میں امریکی ڈرون حملے اور اس کے نتیجے میں امن کے حامی ملا منصور کی ہلاکت پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے جراتمندانہ موقف بیان کرکے پوری پاکستانی قوم کے جذبات کی ترجمانی کی ہے ․ اپنے ایک بیان میں شاہد ریاض ستی نے کہا کہ یہ حملہ در اصل پاکستان کی خود مختاری اور امن عمل کے خلاف ہے جس پر پاکستانی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بروقت اور درست رد عمل دے کر امریکہ سے کہا ہے کہ وہ طالبان اور پاکستان کی خود مختاری کے احترام کے حوالے سے اپنی پالیسی واضح کرے ․ انہوں نے کہا کہ طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کی باتیں کرتے کرتے اچانک ان کے لیڈر کو مار دیا گیا جس سے قیام امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا ہے ․ انہو ں نے حقائق پر مبنی اور جرات مندانہ موقف اپنانے پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس معاملے میں پوری قوم اپنی حکومت کے موقف کی تائید اور حمایت کرتی ہے ․

متعلقہ عنوان :