مسلم لیگ (ن) لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرتے کرتے مارکیٹوں کی بندش سے لوگوں کے کاروبار تباہ کرنے پر تل گئی ہے ،ساجد علی قریشی

بدھ 25 مئی 2016 21:17

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مئی۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی سیکریٹری اطلاعات راولپنڈی ساجد علی قریشی نے کہا ہے کہ شریف برادران قوم کو لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کی نویدیں سناتے سناتے اپنے ’’ خواجوں ‘‘ :کے توسط سے بجلی بحران کی وجہ سے لوگوں کے کاروبار تباہ کرکے بجلی بچانے کی باتیں کرنے لگے ہیں ․ بجلی کے بحران میں اضافے نے حکومت کے دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے اور ثابت کر دیا ہے کہ حکمران جھوٹ بول کر قوم کو بے وقوف بنارہے ہیں ․ انہوں نے یہ بات تحریک انصاف کے پبلک سیکریٹریٹ برائے پی پی 6 میں کارکنوں اور معززین کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ․ انہوں نے کہا کہ اگر مسلم لیگ ن کی حکومت نے اصل مسائل پر توجہ دی ہوتی اور کمیشن کے حامل میگا پراجیکٹس کی بجائے بجلی کی پیداوار کے منصوبوں پر پیسے خرچ کئے ہوتے تو ان کے تین سالہ دور حکومت میں توانائی بحران کی سنگینی یقینی طور پر کم ہو چکی ہوتی مگر قوم کو جھوٹی آس اور امید دلانے والوں نے سرئیے اور سیمنٹ کی کھپت کے منصوبے بنا کر بجلی بحران کے خاتمے کے جھوٹے دعوے ہی کئے ․ انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں کا ریکارڈ گواہ ہے کہ مسلم لیگ ن نے قوم سے جتنے جھوٹ بولے اتنے پاکستان کی پوری تاریخ میں نہیں بولے گئے ․ شریف برادران نے زرداری سے کرپشن کی دولت وصولی کیلئے انہیں سڑکوں پر گھسیٹنے کے دعوے کئے اور بجلی بحران کو کبھی چھ ماہ اور کبھی ایک سال میں ختم کرنے کے نعرے لگائے مگر یہ سب دعوے اور نعرے جھوٹ ثابت ہوئے ․نواز شریف الٹا اپنی کرپشن بچانے کیلئے گیلانی ہاؤس کی یاترا کرنے پہنچ گئے ․ ساجد علی قریشی نے کہا کہ پانامہ لیکس اور دیگر معاملات پر بھی نیچے سے اوپر تک تمام حکومتی عہدیداروں نے رات دن جھوٹ کی فیکٹریاں لگا رکھی ہیں اور حکومتی خواجہ بجلی بچانے کیلئے لوگوں کے کاروبار تباہ کرنے پر تل گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :