کراچی کے مختلف علاقوں میں سرکاری سرپرستی میں جاری غیر قانونی چائنا کٹنگ کے دھندے پر رابطہ کمیٹی کااظہار مذمت

بدھ 25 مئی 2016 20:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی کے مختلف علاقوں میں سرکاری سرپرستی میں غیر قانونی طور پر چائنا کٹنگ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ایم کیوایم سے نکالے گئے ضمیر فروشوں کی جانب سے کی جانے والی چائنا کٹنگ پر ایم کیوایم کو بدنام کرنے والے اب غیر قانونی چائنا کٹنگ پر کیوں مجرمانہ خاموشی کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔

ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ سرکاری سرپرستی میں کراچی کے علاقے کورنگی ، باب کورنگی ، سرجانی ٹاؤن، مشرف کالونی ، بلدیہ ٹاؤن ، نیو کراچی ، پاک کالونی اور پی اینڈ ٹی کالونی میں غیر قانونی چائنا کٹنگ کا دھندہ عروج پر ہے اور اس سے حاصل ہونے والی رقم کی بند بانٹ کی جارہی ہے اور کراچی شہر کی اصل رونق ، تصویر اور تصور کو برباد کیاجارہا ہے ۔

(جاری ہے)

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی میں غیر قانونی چائنا کٹنگ کا دھندہ کرنے والوں کو سرکاری سرپرستی سے ثابت ہوتا ہے کہ سرکاری افسران نے کراچی کو لوٹ کامال سمجھ لیا ہے اور کراچی کو تباہی و بربادی کی جانب لیجانے کیلئے ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت چائنا کٹنگ کرکے شہر یون کو پارکوں اور تفریحی مقامات سے محروم کیاجارہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ چائنا کٹنگ کے دھندے میں ملوث عناصر کو سرکاری سرپرستی حاصل ہونا شہریوں کیلئے نہ صرف باعث تشویش ہے بلکہ وہ اس عمل کے خلاف اپنے احتجاج کا حق بھی محفوظ رکھتے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے مطالبہ کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں سرکاری سرپرستی میں جاری چائنا کٹنگ کا دھندہ فی الفور بند کرایاجائے اور اس میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

متعلقہ عنوان :