پی ایس 117کی نشست پر ضمنی الیکشن کے سلسلے میں نامزد حق پرست امیدوار میجر (ر) قمر عباس کی انتخابی مہم زور شور سے جاری

بدھ 25 مئی 2016 20:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء) پی ایس 117کی نشست پر ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں نامزد حق پرست امیدوار میجر (ر ) قمرعباس کی انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے ۔ انتخابی مہم کے سلسلے میں گزشتہ روز سولجر بازار کے ایم سی کمپاؤنڈ میں کارنر میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں ہند و اور عیسائی کے نوجوانوں ، بزرگوں ، خواتین اور معززین نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور نامزد حق پرست امیدوار میجر (ر) قمر عباس کو 2جون کے ضمنی الیکشن میں زیادہ سے زیادہ ووٹ دیکر کامیاب کرانے کی یقین دہانی کرائی ۔

اس موقع پر ہندو پنچائیت کمیٹی کے لکشمن ، والجی اور عیسائی برادری کے پرویز مسیح بھی موجود تھے ۔ نامزد حق پرست امیدوار میجر (ر) قمر عباس نے کارنر میٹنگ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صوبہ سندھ کی متعصب حکومت اب تک ایم کیوایم کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات اور وسائل دینے سے انکاری ہے اورسندھ اسمبلی میں اپنی عددی اکثریت کے باعث غیر قانونی اور غیر آئینی بل پاس کرکے آئین و قانون کا مذاق اڑا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین کی جدوجہد سندھ کے شہری علاقوں کے مظلوم عوام کیلئے ہی نہیں بلکہ ان کی جدوجہد کا محور ملک بھر کے مظلوم عوام ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج تمام تر پروپیگنڈے اور سازشوں کے باوجود ملک بھر کی مظلوم قومیتوں اور اقلیتوں کے لوگ الطاف حسین کا ساتھ نہیں چھوڑ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کے شہریوں کا استحصال بند کیاجائے ، شہر کو اندھیروں میں دھکیلنے والے کراچی دشمن ہی نہیں بلکہ ملک دشمن ہیں ،ایم کیوایم کو شہر میں جرائم کا ذمہ دار قرار دینے والے اس کے عوامی مینڈیٹ کا احترام کریں اور عوامی رائے کے برعکس سیاسی قوت کو دبانے کا عمل بند کردیں ۔

انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم نے اقلیتی برادری کے عوام کو برابر کا پاکستانی سمجھتی ہے اور ان کے حقوق کیلئے ماضی میں بھی آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ایم کیوایم کے کارکنان کا ماورائے عدالت قتل ، انہیں لاپتہ کرنا اور جیلوں میں اسیر کرکے تشدد کرنا کھلی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور اس پر سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے جو خاموشی اختیار کررکھی ہے وہ ایم کیوایم دشمنی نہیں بلکہ کراچی دشمنی کا شاخسانہ ہے اور یہ جماعتیں کراچی اور اس کے عوام کے ساتھ جو کھیل کھیل رہی ہیں اسے کراچی کے عوام اپنے اتحاد سے ناکام بنا دیں گے ۔

انہوں نے کارنر میٹنگ کے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ 2جون کو ہونیو الے ضمنی الیکشن میں پتنگ کے انتخابی نشان پر زیادہ سے زیادہ تعداد میں مہر لگائیں اور دنیا پر ثابت کردیں کہ کراچی کا چپہ چپہ قائد تحریک الطاف حسین کی قیادت میں متحد ومنظم ہے ۔

متعلقہ عنوان :