15جون تک سارے واک ویز مکمل ہونے چاہئیں اور جون اواخر تک ہارٹی کلچر کا کام مکمل کرایا جائے‘عبدالله خان سنبل

بیرون ملک سے سامان کی جلد ترسیل کے لیے متعلقہ قونصل خانے کی بھی مدد حاصل کی جائے گی‘کمشنر لاہور ڈویژن کا اجلاس سے خطاب

بدھ 25 مئی 2016 20:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء ) کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل نے کہا ہے کہ گریٹر اقبال پارک ایسا میگا پراجیکٹ ہے جس کی تکمیل کا شدت سے انتظار کیا جا رہا ہے، اس میں جاری ترقیاتی کاموں کی تقسیم کار جامعیت کے ساتھ ہونی ازحد ضروری ہے،15جون تک سارے واک ویز (اندرونی سڑکیں و روشیں) مکمل ہونے چاہئیں اور جون اواخر تک غیر تعمیر شدہ حصوں میں ہارٹی کلچر کا کام مکمل کرایا جائے،اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ اگست میں اس کا افتتاح کرایا جائے گا۔

کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار گریٹر اقبال پارک پراجیکٹ کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈی جی پی ایچ اے، میاں شکیل احمد، جی ایم نیسپاک ملیحہ رشید، سی ای او حبیب کنسٹرکشن سروسز شاہد سلیم، ایڈیشنل کمشنر عثمان خان خالد اور پی ایچ اے ، نیسپاک کے ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل نے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پارک میں تمام ڈیزائنوں کے مطابق اعلیٰ معیاری کام کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے لیبر میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ ڈبل شفٹ میں کام کا آغاز کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سے سامان کی جلد ترسیل کے لیے متعلقہ قونصل خانے کی بھی مدد حاصل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ معمول کے ہفتہ وار دورے کی بجائے ہر دو روز کے بعد گریٹر اقبال پارک پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے لیے دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گرے سٹرکچرز کی تعمیر کے بعد تکمیلی کام کو دوسری شفٹ قائم کرکے جلد مکمل کیا جا سکتا ہے۔ ڈی جی پی ایچ اے نے اجلاس کو بتایا کہ جون اواخر تک تمام پارک میں خالی جگہوں پر ہارٹی کلچر کا کام مکمل ہو جائے گا۔ جی ایم نیسپاک نے کہا کہ کنٹریکٹرز کے مہیا کردہ تمام نمونوں کو کم سے کم وقت میں ٹیسٹ کرالیا جائے گا جس سے پارک تیز رفتاری سے اپنی تکمیل کو پہنچ پائے گا۔

متعلقہ عنوان :