ٹیچنگ ہسپتالوں میں صفائی کا نظام آؤٹ سورس کرنے کے حوالے سے اجلاس

جینی ٹوریل سروسز کو آؤٹ سورس کرنے کے لئے یکساں ٹی او آرز مرتب کئے جارہے ہیں‘سپیشل سیکرٹری ہیلتھ

بدھ 25 مئی 2016 20:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء ) صوبہ پنجاب کے ٹرشری کیئر ہسپتالوں اور سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کے اداروں میں صفائی کا نظام آؤٹ سورس کرنے کے سلسلہ میں تمام متعلقہ اداروں کے سربراہان سے تجاویز اورسفارشات طلب کر لی گئی ہیں جن کی روشنی میں یکساں ٹی او آرز مرتب کئے جائیں گے۔اس سلسلہ میں سول سیکرٹریٹ میں سپیشل سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر ساجد محمود چوہان کی زیر صدارت لاہور میں واقع ٹیچنگ ہسپتالوں اور سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئراداروں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ظہیر عباس ملک،پرنسپل انسٹی ٹیوٹ آف آپتھلمالوجی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اسد اسلم خان،ایم ایس میو ہسپتال ڈاکٹر امجد شہزاد،ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر صلاح الدین،ایم ایس ایل جی ایچ ڈاکٹر محمد نیاز،ایم ایس سرگنگارام ہسپتال ڈاکٹر نعمان مطلوب،ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹر شفقت علی،ایم ایس گورنمنٹ شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر محمد امیر اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سپیشل سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے کہا کہ ہسپتالوں میں صفائی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کے وارڈوں،برآمدوں،ٹائلٹس اور دیگر جگہوں میں صفائی نظر آنی چاہیے اور اس مقصد کے لئے جینی ٹوریل سروسز کو آؤٹ سورس کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بعض ہسپتالوں میں جزوی طور پر یہ نظام کام کررہا ہے تاہم تمام ہسپتالوں کے لئے جینی ٹوریل سروسز آؤٹ سورس کرنے کے لئے ایک جیسے ٹرمز آف ریفرنسزوضع کئے جارہے ہیں تاکہ یکساں پالیسی کے ساتھ کام کیا جائے۔

انہوں نے تمام ٹیچنگ ہسپتالوں اور سپیشلائزڈہیلتھ کیئر کے اداروں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس سے کہا کہ وہ اپنے تجریہ اور ہسپتالوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے دو دن کے اندر سفارشات / تجاویز محکمہ صحت میں جمع کرادیں تاکہ اس منصوبے پر کام تیزی سے مکمل کیا جا سکے۔