وزیر بلدیات خیبرپختونخوا کی زیرصدارت تحصیل ناظمین کااجلاس

حکومت بلدیاتی نظام میں موجودہ خامیوں اور سقم کو دور کریگی،عنایت اﷲ خان

بدھ 25 مئی 2016 20:33

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء) خیبرپختونخواکے سینئر وزیر بلدیات ودیہی ترقی عنایت اﷲ خان نے کہاہے کہ حکومت بلدیاتی نظام میں موجودہ خامیوں اور سقم کو دور کریگی اوراس ضمن میں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی اور تحصیل ڈویلپمنٹ کمیٹی پرنظرثانی کرکے کمیٹی کے چیئرمین شپ کے اختیارات متعلقہ ضلع اورتحصیل ناظمین کو تفویض کیے جائینگے۔

وہ بدھ کے روز پشاورمیں تحصیل ناظمین کے ایک اجلاس کے صدارت کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تحصیل ناظمین اورنائب ناظمین کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ عادل صدیق، سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ ظفر علی شاہ اورلوکل گورنمنٹ کمیٹی کے ممبر ڈاکٹر محمد اقبال خلیل بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ ضلع تحصیل اورویلج کونسلز کو 2 اقساط میں 50 فیصد فنڈز ریلیز ہوچکے ہیں جبکہ بقایا رقم بھی جلدازجلد ریلیز ہوجائیگی۔ انہوں نے مزید کہاکہ تحصیل کونسلز کے انتظامی مسائل کے حل پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے اوراس ضمن میں کافی حد تک مسائل حل کیے جاچکے ہیں۔