مزمل قریشی کاگلستان جوہر کا تفصیلی دورہ،ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت

بدھ 25 مئی 2016 20:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مئی۔2016ء)حق پرست ایم این اے محمد مزمل قریشی نے گلستان جوہر بلاک 15 کی اندرونی گلیوں کی استرکاری کے کام کاتفصیلی معائنہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر بلاک 15 کی اندرونی گلیوں میں تقریباً ایک لاکھ اسکوائر فٹ روڈ پر استرکاری کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ ایم این اے محمد مزمل قریشی نے اس موقع پر کہا کہ جب تک منتخب نمائندوں کو اختیارات منتقل نہیں کیئے جاتے ، گراس روٹ لیول سے عوامی مسائل کو حل کرنا دشوار ہے ، ہمیشہ شہری ترقی میں منتخب نمائندوں کا کردار مثالی رہا ہے، حق پرست قیادت عوام کو بہترین انفرااسٹرکچر کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اول دن سے کوشاں ہے انہوں نے مزید کہا کہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے ساتھ ساتھ دیگر عوامی مسائل کو حل کرنے کے لئے بھی اقدامات کر رہے ہیں تاکہ عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے یہ بات انہوں نے دورے کے موقع پر وہاں پر موجود مکینوں سے ملاقات کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جس طرح عوام کو جلد ازجلد ریلیف فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے عوام کا بھی فرض ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں سڑکوں، پارکوں اور دیگر پروجیکٹس کی حفاظت کریں۔ اس موقع پر علاقہ چیئرمین ،نومنتخب نمائندے اور علاقہ مکین بڑی تعداد میں موجود تھے۔