پی ایس- 106میں پاسبان امیدوار کا غریب آبادمیں قائم انتخابی کیمپ نامعلوم شرپسندوں نے اکھاڑ دیا

بدھ 25 مئی 2016 19:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مئی۔2016ء) پاسبان پاکستان کے نامزد امیدوار برائے ضمنی انتخاب حلقہ PS-106کے جواد شیرازی کا غریب آباد مین روڈ پر قائم انتخابی کیمپ نامعلوم شرپسندوں نے اکھاڑ دیا اور حلقہ میں لگائے گئے بینرز اور پینا فلیکس بھی مختلف علاقوں سے اتارنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا، تفصیلات کے مطابق ضمنی انتخاب حلقہ پی ایس 106سے پاسبان پاکستان کے نامزد کردہ امیدوار جواد شیرازی کے انتخابی مہم کے سلسلے میں غریب آباد کی مین چورنگی پر لگایا گیا کیمپ منگل اور بدھ کی درمیانی شب نامعلوم شرپسندوں نے اکھاڑ دیا اور حلقے میں لگائے گئے مختلف علاقوں سے پاسبان کے انتخابی بینرز اور پینا فلیکس اتارے گئے۔

پاسبان پاکستان کے سینئر نائب صدر اعظم منہاس اورنائب صدر عبدالحاکم قائد نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور الیکشن کمیشن ، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ سے واقعہ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

پاسبان کے امیدوار جواد شیرازی نے کہا کہ شروع دن سے پاسبان الیکشن کمیشن سے فوج کی نگرانی میں انتخاب کرانے کا مطالبہ کرتی آرہی ہے اور حالیہ واقعہ کے بعد یہ بات واضح ہوگئی کہ انتخابی عمل کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شاید شرپسند عناصر ترقی یافتہ پرامن اور خوشحال کراچی دیکھنا نہیں چاہتے ہیں اس لئے پاسبان کے کراچی صوبہ کا مطالبہ ان عناصر کو ہضم نہیں ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاسبان نے ملک اور قوم کی خدمت کی ہے اور ملک اور عوام کا درد رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ پاسبان کے امیدوار کو عوام کی پذیرائی حاصل ہے۔

متعلقہ عنوان :