کرپشن کیخلاف جماعت اسلامی کے ٹرین مارچ کا آج ملتان میں شانداراستقبال کیا جائے گا،تیاریاں مکمل

بدھ 25 مئی 2016 19:54

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مئی۔2016ء) کرپشن کیخلاف جماعت اسلامی کے ٹرین مارچ کا آج ملتان میں شانداراستقبال کیا جائے گا۔ملتان کینٹ ریلوے اسٹیشن پر امیرجماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں آنے والے ٹرین مارچ کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ اسٹیشن کو بینروں اور کلمہ طیبہ والے پرچموں سے سجایا گیا ہے۔ کرپشن فری پاکستان ٹرین مارچ آج 26؍مئی کو دو بجے دن ملتان کینٹ اسٹیشن پہنچے گا جہاں پر کسان مزدور، طلبہ ، وکلاء وتاجر وں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد استقبال کریں گے۔

امیرجماعت اسلامی سراج الحق استقبال کیلئے آنے والوں سے خطاب کرینگے۔دریں اثناء امیرجماعت اسلامی آصف محموداخوانی نے دیگررہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی پاکستان ، خوشحال پاکستان، کرپشن سے پاک ملک ہی خوشحالی اور ترقی کا ضامن ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک عوامی تحریک بن چکی ہے اگر جمہوری قوتوں نے خود احتساب نہ کیا پھر اُن کا احتساب کوئی ادارہ کرے گا۔ پارلیمنٹ اور عوام کو احتساب کیلئے ایک پیج پرآنا ہوگا گھروں میں بیٹھ کر کڑھنے سے انقلاب نہیں آنا ، عوام انقلاب چاہتے ہیں تو انہیں کڑے احتساب کیلئے منظم ہوکر سڑکوں پر آنا ہوگا اور جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہوگا۔