جوائنٹ ایکشن کمیٹی کااسٹیٹ لائف کی مجوزہ نجکاری کے فیصلے کیخلاف آج پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاج کرنے کا اعلان

اگر حکومت نے منافع بخش ادارے کی نجکاری کا فیصلہ واپس نہ لیا تو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرینگے‘چیئرمین محمد اصغر کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 25 مئی 2016 19:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مئی۔2016ء) جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کی مجوزہ نجکاری کے فیصلے کیخلاف آج ( جمعرات ) زونل آفس سے ریلی نکالنے اور پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت نے منافع بخش ادارے کی نجکاری کا فیصلہ واپس نہ لیا تو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین محمد اصغر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سی بی اے کے نمائندہ ساجد عباسی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین نے مزید کہا کہ حکومت عالمی مالیاتی اداروں کی ایماء پر منافع بخش قومی ادارے کی نجکاری کرنے کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشتر کہ مفادات کونسل میں پیش کئے بغیر قومی ادارے کی نجکاری کا فیصلہ سمجھ سے بالا تر ہے ، ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت عالمی مالیاتی اداروں کے دبا? پر منافع بخش ادارے کی نجکاری سے باز رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہم ابھی تک پر امن طور پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرا رہے ہیں اگر حکومت نے مجوزی نجکاری کا فیصلہ واپس نہ لیا توملک گیر احتجاج کیا جائے اور ادارے کے ہزاروں ملازمین اپنے خاندانوں کے ہمراہ اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چیف جسٹس آف پاکستان سے بھی مطالبہ کرتے ہیں اس اقدام پر سو موٹو نوٹس لیں اور حکومت کو سالانہ اربوں روپے منافع دینے والے ادارے کی نجکاری سے روکنے کے احکامات صادر کرے۔