شہری علاقوں کی محرومیوں کا ازالہ انتظامی بنیاد پر نیا صوبہ بنا کر ہی کیاجاسکتا ہے، محفوظ یار خان

بدھ 25 مئی 2016 18:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مئی۔2016ء ) پی ایس 106کی نشست پرہونے والے ضمنی الیکشن نامزد حق پرست امیدوار محفوظ یار خان نے کہا ہے کہ ایم کیوایم سندھ کے شہری علاقوں کے عوام کے ساتھ ناانصافیوں خلاف جدوجہد جاری رکھے گی اور سندھ کے شہری علاقوں کی محرومیوں کا ازالہ انتظامی بنیاد پر نیا صوبہ بنا کر ہی کیاجاسکتا ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز پی ایس 106کی نشست پر ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں لیاقت آباد ٹاؤن یوسی 39اور لیاقت آباد فردوس شاپنگ سینٹر پر منعقدہ بڑی انتخابی کارنر میٹنگوں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

کارنر میٹنگوں میں علاقے کے نوجوانوں، بزرگوں اور خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر حق پرست رکن سندھ اسمبلی عظیم فاروقی ، نامزد حق پرست چیئرمین ڈسٹرکٹ سینٹرل ریحان ہاشمی اور ایم کیوایم سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اراکین بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

کارنر میٹنگز کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے محفوظ یار خان نے کہاکہ آج ہم پر نوکریوں کے دروازے بند ہیں ، انہوں نے کہا کہ ملک میں 22انتظامی یونٹس بنائے جائیں جس میں سے ایک یونٹ کراچی ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم انشاء اﷲ سندھ اسمبلی سے صوبے کی قرارداد منظور کرائیں گے ۔انہوں نے کارنر میٹنگوں کے شرکاء سے اپیل کی کہ لیاقت آباد کے غیور عوام 2جون 2016ء کو اپنے گھروں سے نکل کر پتنگ کے انتخابی نشان پر مہر لگائیں ۔نامزد حق پرست چیئرمین ڈسٹرکٹ سینٹرل ریحان ہاشمی نے کہا کہ ماضی میں لیاقت آباد کے عوام کو قائد اعظم ؒکی ہمشیرہ محترمہ فاطمہ جناح کو ووٹ دینے کی پاداش میں گولیوں سے بھون دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بدقسمی یہ ہے کہ یہاں لیڈر وہ لوگ بنتے ہیں جنہیں وزیراعظم یا وزیراعلیٰ بننا ہوتاہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں کراچی کے حقوق کی بات نہیں کرتیں اور اس کے وسائل اور اختیارات پر قبضہ کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں ۔

متعلقہ عنوان :