آمدہ بجٹ میں صنعتی شعبے کیلئے خصوصی پیکج، زراعت و ریٹیل سیکٹرکیلئے مراعات کا اعلان

ماربل ومائننگ کے شعبوں اور آئل ٹینکرز کے مسائل حل کرینگے،ود ہولڈنگ ٹیکس کو معقول بنانے کی تجویز پر سنجیدگی سے غور کرینگے ، مشیر ریونیوہارون اختر خان

بدھ 25 مئی 2016 18:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مئی۔2016ء) وزیر اعظم کے مشیر خصوصی برائے ریوینو ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ آمدہ بجٹ پرو گروتھ ہو گا جس میں صنعتی شعبے کی ترقی کے لیئے خصوصی پیکج جبکہ ریٹیل اور زرعی شعبے کے لیئے مراعات کا اعلان کیا جائے گا ۔ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے پسماندہ علاقوں کے لیئے مراعاتی پیکج اورماربل و مائننگ کے شعبوں کیلیئے خصوصی پیکج پر غورکرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔

انھوں نے کہا کہ بجٹ سے اقتصادی سرگرمیاں بڑھیں گی جس سے معیشت کا ہر شعبہ ترقی کرے گا جبکہ عوام کو ریلیف ملے گا۔ بجٹ میں چار سو ارب کے اضافی ٹیکس لگانے کی خبریں محض افواہیں ہیں۔ موجودہ ٹیکس گزاروں پر اضافی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا جبکہ نان فائیلرز کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کے مشیر خصوصی برائے ریوینو ہارون اختر خان نے یہ بات بزنس میں پینل کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

وفد میں بزنس مین پینل کے چئیرمین سلطان چاولہ،سینیئر وائس چیئر مین میاں زاہد حسین،سیکرٹری جنرل اور سابق صدر ایف پی سی سی آئی سینیٹر حاجی غلام علی ،پنجاب ریجن کے چیئرمین میاں انجم نثار ،سندھ ریجن کے چیئرمین ذکریا عثمان،کیپیٹل ریجن کے چیئر مین مرزا عبدالرحمن،بلوچستان ریجن کے چیئر مین نو ید جان بلوچ،سابق وفاقی وزیر چودھری مشتاق علی چیمہ،ایف پی سی سی آئی کے نائب صدرریاض خٹک،ثاقب فیاض مگوں، خرم اعجاز ،شوکت احمد،میاں محمد لطیف،خرم سعید،فرخ مقبول،اسلم خان نیازی،فہمیدہ کوثر جمالی،چودھری محمد حسین زاہد،جاویدصدیقی اورزاہد سعید سمیت ملک بھر کے چیمبرز اور ایسوسی ایشنز کے پچاس نمائندے شامل تھے۔

اس موقع پر ایف بی آر کے چیئر مین اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ ہارون اختر خان نے بزنس مین پینل کی اے ڈی آر سی نظام کو ازسر نو فعال کرنے اور ود ہولڈنگ ٹیکس کو معقول بنانے کی تجویز کو قبول کرنے کا عندیہ بھی دیا ۔بزنس مین پینل کے رہنماوں نے حکومت کو ملکی معیشت کہ بہتری کے لیئے تحریری بجٹ تجاویز پیش کیں جبکہ ایف بی آر کی طرف سے آڈٹ نوٹس کے اجراء، برآمدات میں مسلسل کمی اور تجارتی خسارے میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ۔

ہارون اختر خان نے بزنس مین پینل کی بجٹ تجاویزکا خیر مقدم اور سینیٹر حاجی غلام علی، میاں زاہد حسین کی بزنس کمیونٹی کے لیئے خدمات کا اعتراف کیا ۔انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کو ہراساں کرنے کے لیئے جاری کردہ نوٹسز کا اجراء روک دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ریٹیل سیکٹر اور چھوٹے کاروباری افراد کے لیئے خصوصی سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ بزنس مین پینل کی تجویز پر صوبائی سیلز اورمرکزی سیلز ٹیکس کے مسائل حل کیئے جائیں گے جبکہ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا ۔ بزنس مین پینل کے رہنماؤں نے ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کی جانب سے حکومت کی مثبت پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کااظہار اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

متعلقہ عنوان :