پی او ایف کا بنیادی مینڈیٹ پاکستا نی افواج کو اسلحہ و گولہ بارود کی فراہمی ہے،پی او ایف مسلح افواج کی ضروریات پوری کرنے کے بعد اپنی مصنوعات 30 سے زائد ممالک کو برآمد رہاہے،پاکستان اورمالدیپ کے درمیان دفاعی پیداوار کے شعبہ میں پہلے روابط موجود ہیں جن کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے

پی او ایف چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات کی مالدیپ کے وزیر دفاع کے دورہ آرڈننس فیکٹری پر بریفنگ

بدھ 25 مئی 2016 18:52

واہ کینٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مئی۔2016ء) مالدیپ کے وزیر دفاع آدم شریف عمرکی زیر قیادت سرکاری وفد نے پاکستان آرڈننس فیکٹریز کا دورہ کیا۔پی او ایف آمد پر لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات، ہلال امتیاز (ملٹری) چیئرمین پی او ایف بورڈ نے وفد کا استقبال کیا اور پی اوایف بورڈ ممبران سے متعارف کرایا۔ چیئر مین پی او ایف بورڈ نے اپنے استقبالیہ کلمات میں وفد کو بتایا کہ پی او ایف کا بنیادی مینڈیٹ پاکستان کی مسلح افواج کو اسلحہ و گولہ بارود کی فراہمی ہے اور پی او ایف اپنی مسلح افواج کی اسلحہ و گولہ بارود کی سو فیصد ضروریات پوری کرنے کے بعد اپنی فاضل پیداواری صلاحیت دنیا کے تیس سے زائد ممالک کو برآمد بھی کر رہاہے۔

چیئرمین پی او ایف بورڈ نے مزید کہا کہ پاکستان اورمالدیپ کے درمیان دفاعی پیداوار کے شعبہ میں پہلے سے ہی روابط موجود ہیں جن کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

عثمان علی بھٹی ڈائریکٹر ایکسپورٹ نے اپنی تفصیلی بریفنگ میں وفد کو بتایا کہ پی اوایف چودہ فیکٹریوں پر مشتمل ایک بڑا صنعتی کمپلیکس ہے جس میں 14ذیلی ادارے اور چھبیس ہزار سے زائد ملازمین کام کر رہے ہیں۔

پی اوایف نے ہمیشہ حالت جنگ و امن میں مسلح افواج کی طرف سے دئیے گئے اہداف کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا ہے ۔ وفد کو بتایا گیا کہ پی او ایف مالدیپ کی روایتی اسلحہ و گولہ بارود کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کر سکتا ہے۔ وفد نے تفصیلی بریفنگ اور وژن کو سراہا اور دفاعی پیداوار کے اس ادارے کی صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور معزز اراکین وفد نے ڈسپلے روم میں دفاعی مصنوعات دیکھنے کے بعد پی او ایف کی چند پیداواری یونٹس کا دورہ کیا اور اسلحہ و گولہ بارود کی تیاری کے مراحل دیکھے۔ انہوں نے پی او ایف میں تیار ہونے والی دفاعی مصنوعات کے اعلیٰ معیار کی تعریف کی ۔ (رڈ)

متعلقہ عنوان :