مولانا سمیع الحق کاملااختر منصور کی شہادت پر شدید احتجاج،ڈرون حملوں پر اہم مشاورتی اجلاس30مئی کو طلب کرلیا

جمعۃ المبارک کو یوم سیاہ کے طور پر منائینگے،حکمران اور سیاسی جماعتیں ایک دوسرے پر چوری کے الزامات کی سازشوں میں لگے ہوئے ہیں،سربراہ جے یو آئی(س)

بدھ 25 مئی 2016 18:32

اکوڑہ خٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء ) جمعیۃ علماء اسلام کے امیر مولانا سمیع الحق نے پاکستان کی سا لمیت اور خود مختاری کو ڈرون حملوں سے پامال کرنے پر ملک کے اہم دینی اور قومی جماعتوں اور شخصیات سے مشاورت کے لئے اہم اجلاس طلب کرلیا ہے،یہ اجلاس ۳۰مئی بروز پیر ۳ بجے ظہر اسلام آباد میں ہوگا۔ مولانا سمیع الحق نے جمعیۃ علماء اسلام اور دیگر جماعتوں اور ملک بھر کے خطبا سے اپیل کی ہے کہ ۲۷ مئی بروز جمعۃ المبارک کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں اور موجودہ حالت پرعوام کے شعور کو بیدار کرتے ہوئے اجتماعی احتجاج کریں۔

مولانا سمیع الحق نے بلوچستان میں طالبان کے امیر ملااختر منصور کی شہادت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اس اقدام کو بنیادی طورپر پاکستان کی سا لمیت اور خود مختاری سلب کئے جانے کا مسئلہ قرار دیا ہے، جبکہ حکمران اور سیاسی جماعتیں ایک دوسرے پر چوری کے الزامات اور بیرونی ممالک میں اقتدار بچانے کی سازشوں میں لگے ہوئے ہیں جبکہ دشمن پاکستان کے چاروں طرف جال بننے میں لگے ہوئے ہیں، مولانا سمیع الحق نے ۳۰مئی کو ہونے والے اجلاس کیلئے اہم رہنماؤں سے رابطے مکمل کرلئے ہیں اور تقریباً تمام حضرات نے دعوت قبول کرلی ہے۔

(جاری ہے)

مولانا سمیع الحق نے اس امر پر حیرت کا اظہار کیا ہے کہ ملک کے کروڑوں محب وطن عوام سکتے کی حالت میں ہیں او ر سیاستدانوں کو سانپ سونگھ گیا ہے یا بیرون ملک سیرسپاٹوں میں مصروف ہیں۔