آرمی چیف راحیل شریف کا پاک فوج کے ادارہ امراض چشم کا دورہ

آپریشن ضرب عضب میں زخمی ہونیوالے فوجیوں سے ملاقا ت قومی ہیروز کے علاج میں کوئی کثر اٹھا نہ رکھی جائے ،بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں ، متعلقہ حکام کو ہدایت

بدھ 25 مئی 2016 18:24

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے بدھ کو پاک فوج کے ادارہ امراض چشم (اے ایف آئی او) کا دورہ کیا اور آپریشن ضرب عضب میں زخمی ہونیوالے فوجیوں سے ملاقا ت کی ۔ جنگی ہیروز کے ساتھ ملاقات کے دوران آرمی چیف نے انکی قربانیوں اور بہادری کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔ آپریشن ضرب عضب کے دوران بارودی سرنگوں کے دھماکوں میں اب تک 179 فوجی مکمل یا جزوی طور پر اپنی بینائی کھو چکے ہیں جبکہ اس وقت اے ایف آئی او میں قوم کے 56 بہادر سپوت زیر علاج ہیں جن میں سے 30 فوجی دونوں آنکھوں سے محروم ہو چکے ہیں آرمی چیف نے زخمیوں کے ساتھ کافی وقت گزارا اور انکی خیریت دریافت کی ۔

اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ کو بحالی بصارت کی سٹیٹ آف دی آرٹ مرکز کے پائلٹ پراجیکٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

(جاری ہے)

جہاں بصارت سے محروم فوجیوں کی بحالی کیلئے کمپیوٹر آئی ٹی لیب بریل سسٹم ووکیشنل اور دیگر سہولیات موجود ہیں ۔اس موقع پر جنرل راحیل شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ آپریشن ضرب عضب میں زخمی ہونیوالے ان قومی ہیروز کے علاج میں کوئی کثر اٹھا نہ رکھی جائے اور انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں جنہوں نے قائداعظم کے پاکستان کے ویژن کو حقیقیت کا روپ دینے کیلئے اپنی بینائی قربان کر دی ۔

چیف آف آرمی سٹاف نے اے ایف آئی او میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی طرف سے زخمیوں کی دیکھ بھال اور علاج کے اعلیٰ معیار کر سراہا ۔ قبل ازیں اے ایف آئی او آمد پر ایڈجوٹنٹ جنرل لیفٹیننٹ جنرل انور علی خیدر اور سرجن جنرل پاکستان آرمی لیفٹیننٹ جنرل سید عمران مجید کی طرف سے آرمی چیف کا استقبال کیا گیا ۔