انتہا پسندی کیخلاف جنگ میں سب سے زیادہ جانی ومالی نقصانات اٹھانے کے باوجود خیبر پختونخواہ میں ترقی کاسفر تھما نہیں ‘ رفیق رجوانہ

پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ کے پی کے عوام کیلئے بھی ترقی کے نئے مواقع لے کر آئے گا ،تمام تاجر ٹیکس دینا چاہتے ہیں تاجروں کو ٹیکس ریفنڈ ، ٹیکس گوشواروں کی فراہمی سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں گے‘گورنر پنجاب

بدھ 25 مئی 2016 18:24

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء) گورنرپنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں محب وطن ہیں ، طریقہ کار اور ترجیحات مختلف ہو سکتی ہیں تاہم ہر ایک کی خواہش ہے کہ پاکستان ترقی کے سفر پر رواں دواں رہے اور امن و خوشحالی کی منزل حاصل کرے،تاجر برادری ملک کی معیشت میں خصوصی اہمیت کی حامل ہے جو تمام تر مشکلات کے باوجود معیشت کا پہیہ جاری رکھے ہوئے ہے موجودہ حکومت بھی اس سلسلے میں ان کے لیے ساز ماحول فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے خیبر پختونخواہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا جنہو ں نے چیمبر کے صدر ذوالفقار علی خاں کی قیادت میں گورنر ہاؤس میں ان سے ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کے عوام سینے پر بہادری کا تمغہ سجائے ہوئے ہیں جو دہشت گردی کا سب سے زیادہ شکار ہونے کے باوجود اپنے اپنے شعبے میں استقامت اور بہادری کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ جانی اور مالی نقصانات اٹھانے کے باوجود خیبر پختونخواہ میں ترقی کاسفر تھما نہیں اور ضرب عضب کی کامیابی اس صوبے اور پورے ملک میں امن کی نوید لے کر آئے گی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے پی کے کو آگے بڑھتا ہوا صوبہ دیکھنا چاہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ انہو ں نے وفاقی حکومت کی طر ف سے اس صوبے کو مکمل تعاون فراہم کرنے کی نئی روایات قائم کی ہیں ۔

انہو ں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت پختون بھائیوں کی خدمت اپنا فرض سمجھ کر کر رہی ہے اور ہم اس حوالے سے اپنا کردار ادا کر تے رہیں گے۔گورنر پنجا ب نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ کے پی کے عوام کے لیے بھی ترقی کے نئے مواقع لے کر آئے گا اور وفاقی حکومت صوبے میں تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے تمام وسائل فراہم کرے گی۔

انہو ں نے کہاکہ ملک کے دوسرے علاقوں سے بھی تاجروں کو کے پی کے میں سرمایہ کاری کی ترغیبات دینے کے لیے وفاق کی طرف سے حوصلہ افزائی کی جائے گی اور ان کو سوئی گیس ، بجلی اور انفراسٹرکچر کی فراہمی کے حوالے سے بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا۔انہو ں نے کہا کہ ملک کی مجموعی ٹیکس محصولات میں تاجروں کا کردار کلیدی ہے ، تمام تاجر ٹیکس دینا چاہتے ہیں تاہم وہ ٹیکس کے نظام کو آسان اور موثر بنانا چاہتے ہیں ۔

انہو ں نے کہا کہ تاجروں کو ٹیکس ریفنڈ ، ٹیکس گوشواروں کی فراہمی سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے اور وہ وفاق کے نمائندے کے طور پر ان کی آواز ہر فورم پر اٹھائیں گے۔تاجروں کے وفد نے گورنر ہاؤس لاہور میں مدعو کرنے اور ان کے مسائل کے حل کے مکمل تعاون کی یقین دہانی پر گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور تاجروں کی ایکسپورٹ ٹرافی کی تقریب میں انہیں گیسٹ آف آنر کے طور پر شرکت کی دعوت دی ۔

قبل ازیں گورنر ہاؤس میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرپنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے زیادہ سے زیادہ وسائل اور فنڈز کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے بغیر ترقی کا خواب کبھی پورا نہیں ہوسکتا اور وہی معاشرے اور اقوام ترقی و خوشحالی کی معراج تک پہنچتی ہیں جہاں تعلیم و تحقیق کی سہولتیں زیادہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مرکز اور صوبے میں ایجوکیشن کے فنڈز میں قابل ذکر حد تک اضافہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم اداروں کی بہتری ، سہولیات کی فراہمی اور بالخصوص ان کی سکیورٹی کویقینی بنانے میں خصوصی توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اعلیٰ تعلیمی ادروں میں میرٹ کو یقینی بنانا ہوگا تاکہ کسی کی حق تلفی نہ ہوسکے۔

گورنر نے کہا کہ وہ سرمایہ باعث فخر اور افتخار کی بات ہے جو ملک و قوم کے لئے کام آئے اور میں سمجھتا ہوں کہ آپ لوگ علم کا خزانہ ہیں جس سے ہماری آنے والی نسل کا مستقبل وابستہ ہے۔گورنر نے کہا کہ حکومت یونیورسٹیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ ہے جنہیں دور کرنے کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔اس موقع پر چیئر مین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے حکومت کی جانب سے اعلیٰ تعلیمی اداروں کی فنڈنگ میں اضافہ اور انہیں درپیش دیگر مسائل کو حل کرنے کے حوالے سے تعاون کو سراہا ۔

انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں ملک میں تعلیم کے فروغ پر زور دے رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی یونیورسٹیوں کی تعداد میں اضافہ اس بات کی دلیل ہے کہ ہماری نوجوان نسل تعلیم کے میدان میں کسی سے کم نہیں ۔ چیئر مین نے گورنر پنجاب کو یقین دلایا کہ ہم اپنی قوم کو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے گورنر پنجاب کو تعلیم اداروں کی بہتری اور سکیورٹی کے حوالے سے مختلف تجاویز سے بھی آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :