وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے ویژن ہنر مند نوجوان خوشحال پنجاب کے مثبت نتائج برآمد ہو نا شروع ہوگئے ‘راجہ اشفاق سرور

سال2016-17 میں ٹیوٹا،پی وی ٹی سی،پی ایس ڈی ایف ،نجی شعبہ اور مختلف محکمے 5لاکھ 50ہزار افراد کو فنی تربیت دی جائیگی‘ صوبائی وزیر محنت

بدھ 25 مئی 2016 18:22

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرو ر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کے ویژن ’’ہنر مند نوجوان خو شحال پنجاب ‘‘ کے تحت سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے مثبت نتائج برآمد ہو نا شروع ہو گئے ہیں ،پنجاب گروتھ سٹریٹجی 2018ء کے تحت تربیتی ادارے نوجوانوں کو جدید ہنر سکھا کر معاشی خود مختاری کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں ، حکومت پنجاب شارٹ اور لانگ ٹرم اقدامات کے ذریعے نوجوانوں کو جدید فنی تربیت، روزگار کی فراہمی اورسرکاری تعلیمی اداروں میں ٹیکنیکل کورسز کے اجراء پر عمل پیرا ہے جسے رول ماڈل بنا کر 2018ء تک صوبے کے 20لاکھ نوجوانوں کو ہنر مند لیبر فورس میں شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بات وزیر اعلی ، شہباز شریف کی طرف سے اس مقصد کے لئے قائم کی گئی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

چیئر مین پی اینڈ ڈی جہانزیب خان ، چیئرمین ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ ، پنجاب سکلڈ ڈویلپمنٹ فنڈ، پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کے علاوہ ورلڈ بنک ، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور دیگرتمام متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق 20 لاکھ نوجوانوں پر مشتمل ہنر مند افرادی قوت کی تشکیل کے لئے صوبہ پنجاب کے پبلک سیکٹر میں قائم فنی تربیت کے اداروں کے نصاب ، تربیتی طریقہ کار اور انتظامی امور کی اپ گریڈیشن کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سال 2016-17 میں 5لاکھ 50ہزار افراد کو فنی تربیت دی جائیگی۔

ٹیوٹا ایک لاکھ 35 ہزار ، پی وی ٹی سی ایک لاکھ 20ہزار،پی ایس ڈی ایف 56ہزار 250جبکہ پرائیویٹ سیکٹر35ہزار نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ2018 تک 20 لاکھ افراد کو فنی تربیت کی فراہمی کے اس منصوبے کے لئے ورلڈ بینک50ملین ڈالر جبکہ حکومت پنجاب 6.3ملین ڈالر کی خطیر رقم فراہم کر رہی ہے ۔صوبہ کے فنی تربیت کے اداروں کی تنظیم نو ، نصاب کو جدید ضروریات سے ہم آہنگ کرنے اور تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو باعزت روزگار فراہم کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پراقدامات کئے جارہے ہیں ۔

خلیجی ممالک میں پاکستانی ہنر مند لیبر فورس کی ڈیمانڈ پوری کرنے کے لیے نوجوانوں کو شارٹ کورسز کروائیں جائے گے۔ انہوں نے کہا کہ اس مالی سال 2015-16ء میں پنجاب کے مختلف ٹیکنیکل ٹریننگ کے اداروں کے ذریعے 5لاکھ 50ہزار نوجوانوں کو مختلف ہنر سکھائے جائیں گے جبکہ استعداد کار ، معیار اور مناسب گورننس سسٹم کے ذریعے لیبر ایکسپورٹ میں بھی اضافے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ صنعتی و معاشی ترقی کے لئے ڈیمانڈ کے مطابق ہنر مند افرادی قوت ،مقابلے کے رحجان پر مبنی جدید فنی تربیت کی فراہمی اور سنٹرل آف ایکسیلینس کے قیام کے علاوہ ہنر مند خواتین کی تعداد میں اضافے ، پالیسی میکنگ اور مقامی و بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستانی ہنر مند افراد کی کھپت میں اضافے کے لئے سکلڈ ڈویلپمنٹ سیکٹوریل پلان 2015-18 متعارف کروایا گیا ہے ۔

راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ فنی تربیت کے اداروں کی خود مختار ایگزامینیشن باڈی کا قیام ،کنسلٹنٹ فرم کے ذریعے ٹیکنیکل معاونت ، پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے تربیت حاصل کرنے والوں کے لئے ملازمت کی فراہمی کے علاوہ لیبر مارکیٹ مارکیٹ انفارمیشن سسٹم کو فعال کر کے ایسا موثر میکانزم وضع کیا جائے جس کے ذریعے نہ صرف تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کی معلومات اور صوبہ پنجاب کے انڈسٹریل سیکٹر کی تمام معلومات کا ڈیٹا موجود ہو ۔شرکاء نے تربیتی اداروں کی بہتری کے لئے مختلف تجاویز اور سفارشات پیش کیں ۔