ملک کے تمام مسائل کا حل جمہوریت میں ہے ،ممنون حسین

جمہوریت کے تسلسل سے ہی ملک میں سیاسی و معاشی استحکام ،اچھی طرز حکمرانی کی جڑیں مضبوط ہوسکتی ہیں،پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل سے پاکستان خطے کی تجارت کا مرکز بن جائیگا ،فائدہ اٹھانے کیلئے قوم کو ابھی سے تیاری شروع کردینی چاہئے، صدر مملکت کا قائد اعظم یونیورسٹی کے ساتویں کانووکیشن سے خطاب

بدھ 25 مئی 2016 18:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملک کے تمام مسائل کا حل جمہوریت میں ہے اور جمہوریت کے تسلسل کے نتیجے میں ہی ملک میں سیاسی و معاشی استحکام اور اچھی طرز حکمرانی کی جڑیں مضبوط ہوسکتی ہیں۔صدر مملکت نے یہ بات قائد اعظم یونیورسٹی کے ۷ ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔صدر مملکت نے اس امر پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے تمام طبقات ترقی اور خوشحالی کا سفر برقرار رکھنے کے لیے متفق ہیں اور ملک درست سمت میں گامزن ہے۔

صدر مملکت نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ جدید علوم اور سائنسی تعلیم میں مہارت حاصل کریں کیونکہ دنیا میں وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو معیاری تعلیم اور افرادی قوت کی تیاری پر توجہ دیتی ہیں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم پر بھرپور توجہ دینی چاہئے اور طالبات کو تعلیم کے حصول میں کوئی رکاوٹ خاطر میں نہیں لانی چاہئے۔اس سلسلے میں انھیں بیرون ملک بھی جانا پڑے تو اس سے گریز نہ کریں اور اجنبی تہذیبوں سے متاثر ہونے کی بجائے اسلامی اقدار کی پیروی کریں۔

انھوں نے کہا کہ حکومت عوام کے معیار زندگی میں بہتری پر یقین رکھتی ہے اور اس سلسلے میں معیشت کو مستحکم کیا جارہا ہے۔انھوں نے کہا کہ معیشت کے استحکام کیلئے زندگی کے مختلف شعبوں کے ماہرین کی ضرورت ہے تاکہ ترقی کا سفر جاری رہے۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل کے بعد پاکستان خطے کی تجارت کا مرکز بن جائے گا جس سے فائدہ اٹھانے کے لیے قوم کو ابھی سے تیاری شروع کردینی چاہئے۔

انھوں نے کہا کہ اس سال کے آخر تک گوادر پورٹ فعال ہوجائے گا جس سے ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ معیشت کو مضبوط کرتے کے لیے اقتصادی راہداری سے بھر پور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ اقتصادی راہداری کے روٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔صدر مملکت نے توقع ظاہر کی کہ توانائی منصوبوں کی تکمیل کے بعد ملک میں بجلی کا بحران حل ہوجائے گا۔

انھوں نے کہا کہ ملک ستر کی دہائی تک ملک صحیح راہ پر گامزن تھا لیکن اس کے بعد بری طرز حکمرانی اور بدعنوانی نے ہمیں منزل سے دور کردیا۔انھوں نے کہا کہ ملک کو خوشحال بنانے کیلئے آسودہ حال طبقات کو ٹیکس دینے سے گریز نہیں کرنا چاہئے۔انھوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ملک میں امن وامان کی صورت حال بہتر ہے اور آپریشن ضرب عضب آخری دہشت گردی کے خاتمے تک جاری رہیگا۔صدر مملکت نے قائد اعظم یونیورسٹی کے تعلیمی نظام کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کو چاہئے کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کی تربیت پر بھی توجہ دیں۔