وفاقی وزیرخزانہ کی زیر صدارت زرعی قرضوں کی فراہمی،کپاس اورچاول کی فصلوں کونقصانات کاجائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس

مارک اپ کی شرح کو موجودہ حالات کے مطابق کم کیاجائیگا،تاکہ ملک میں زرعی شعبہ مزید ترقی کرے۔بینک سربراہان۔۔بینک زرعی قرضوں پروصول کئے جانیوالے مارک اپ کی شرح پرنظرثانی کریں۔اسحاق ڈارکی بینک سربراہان کو ہدایت

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 25 مئی 2016 18:18

وفاقی وزیرخزانہ کی زیر صدارت زرعی قرضوں کی فراہمی،کپاس اورچاول کی ..

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25مئی۔2016ء):وفاقی وزیر خزانہ سینیٹراسحاق ڈار نے بینکو ں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ زرعی قرضوں پروصول کئے جانیوالے مارک اپ کی شرح پرنظرثانی کی جائے۔وہ آج اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔اجلاس میں سیکرٹری خزانہ ،ڈپٹی گورنر سٹیٹ بنک آف پاکستان، نیشنل بنک آف پاکستان کے سی ای او،زرعی ترقیاتی بنک کے سی ای او اور وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں زرعی قرضوں کی فراہمی کاجائزہ لیاگیا۔اجلاس کے دوران زرعی قرضوں کی فراہمی بالخصوص سرکاری شعبے کے بنکوں کی طرف سے کسانوں کو قرض فراہمی سے متعلق امور پر غور کیاگیا۔اجلاس کے دوران زرعی شعبے سے متعلق اموربالخصوص کپاس اورچاول کی فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کے حوالے سے امورزیرغورلائے گئے ۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران اس امر کی بھی نشاندہی کی گئی کہ بنکوں کی طرف سے کسانوں سے زرعی قرضوں پر وصول کئے جانیوالے مارک اپ کی شرح پر بھی نظرثانی کی ضرورت ہے جس پر وزیرخزانہ نے نیشنل بنک آف پاکستان اورزرعی ترقیاتی بنک لمیٹڈ جیسے سرکاری شعبے کے مالیاتی اداروں پر زور دیا کہ وہ زرعی قرضوں کے حوالے سے مارک اپ کی شرح پرنظرثانی کرے بالخصوص مارک اپ کی شرح کا سٹیٹ بنک آف پاکستان کی جانب سے مجموعی پالیسی ریٹ میں کمی کے تناظر میں جائزہ لیاجائے۔

اس موقع پر بنکوں کے سربراہوں نے یقین دلایا کہ وہ زرعی قرضوں میں اضافے کویقینی بنانے کیلئے خصوصی اقدامات کو جلد حتمی شکل دینگے جبکہ مارک اپ کی شرح کو بھی کم کرکے موجودہ حالات کے مطابق لایاجائے گا جس سے ملک میں زرعی شعبہ مزید ترقی کریگا۔