وزیراعظم نواز شریف کی پشاور میں دہشتگردی کے واقعہ کی مذمت

اپنی بقاکیلئے بہادری اورجرات سے جنگ لڑنے کے سوا کوئی اور آپشن نہیں،وزیراعظم محمد نواز شریف

بدھ 25 مئی 2016 18:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مئی۔2016ء ) وزیراعظم محمد نواز شریف نے پشاور میں دہشتگردی کے واقعہ کی مذمت کی ہے جس میں ایف سی کے 3اہلکار شہید ہوئے۔ وزیراعظم آفس کے بیان کے مطابق وزیراعظم نے سیکیورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے اپنے شہریوں کے تحفظ کا انتہائی اعلی فرض ادا کرتے ہوئے شہادت پائی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بے مثال قربانیاں دہشتگردوں کے مکروہ عزائم کے خلاف پاکستان کے تحفظ کیلئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہم اس بات سے آگاہ ہیں کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں انسانی جانی نقصان کے حوالے سے ہم بھاری قیمت ادا کر رہے ہیں تاہم ہمارے پاس اپنی بقاکے لئے بہادری اورجرات سے جنگ لڑنے کے سوا کوئی اور آپشن نہیں۔ انہوں نے دعا کہ اﷲ تعالی شہداکی ارواح کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندانوں کو ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔