نہ ہار مانیں گے نہ پیچھے ہٹیں گے، قومی ہیروز کو ہر طرح کی طبی سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی، آرمی چیف

جنرل راحیل شریف کا آرمڈ فورسز کے ادارہ امراض چشم کا دورہ ،آپریشن ضرب عضب میں بصارت سے محروم جوانوں سے ملاقات، جنگی ہیروز کی خدمات اور قربانیوں کو خراج تحسین آپریشن کے دوران اب تک 179جوان جزوی اور مکمل طور پر نابینا ہو ئے ہیں ،آرمی چیف کوبریفنگ

بدھ 25 مئی 2016 18:04

نہ ہار مانیں گے نہ پیچھے ہٹیں گے، قومی ہیروز کو ہر طرح کی طبی سہولیات ..

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مئی۔2016ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آرمڈ فورسز کے ادارہ امراض چشم کا دورہ کر کے آپریشن ضرب عضب میں بصارت سے محروم ہونے والے جوانوں سے ملاقات کی اور جنگی ہیروز کی خدمات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہ ہار مانیں گے نہ پیچھے ہٹیں گے، قومی ہیروز کو ہر طرح کی طبی سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آرمڈ فورسز کے ادارہ امراض چشم کا دورہ کیا اور آپریشن ضرب عضب میں بصارت سے محروم ہونے والے جوانوں سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو سینٹر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ اب تک 179جوان جزوی اور مکمل طور پر نابینا ہو چکے ہیں، دیسی ساختہ بارودی سرنگیں پھٹنے سے 30جوان نابینا ہو گئے ہیں، 56جوانوں کا امراض چشم کے سینٹر میں علاج جاری ہے۔

(جاری ہے)

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ان جنگی ہیروز کی خدمات، قربانیوں اور جرأت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نہ ہار مانیں گے اور نہ ہی پیچھے ہٹیں گے۔ آرمی چیف نے ہدایت کی کہ قومی ہیروز کو ہر طرح کی طبی سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔