سپریم کورٹ نے اثاثے چھپانے کے الزام پرتحریک انصاف کے رائے حسن نواز خان کونااہل قراردیدیا،دوبارہ الیکشن کرانے کاحکم

بدھ 25 مئی 2016 17:44

سپریم کورٹ نے اثاثے چھپانے کے الزام پرتحریک انصاف کے رائے حسن نواز ..

چیچہ وطنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے تحریک انصاف کے رائے حسن نواز خان کو اثاثہ جات چھپانے کے الزام پر قومی اسمبلی کی نشست سے نا اہل قرار دے کر دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دے دیا۔تفصیل کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس انور ظہیر جمالی ،جسٹس عطا ء محمد بندیال اور جسٹس شیخ عظمت سعید پر مشتمل بنچ نے 2013 کے انتخابات میں چیچہ و طنی کے حلقہ این اے162 سے کامیاب ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے ممبر قومی سمبلی رائے حسن نواز خاں کو اثاثہ جات چھپانے پر الیکشن ٹربیونل کے فیصلہ کو برقرار رکھتے ہوئے انہیں نا اہل قرار دے کر الیکشن کمیشن کو دوبارہ انتخاب کرانے کا حکم دے دیا حلقہ این اے 162 سے آزاد امید وار حاجی محمد ایوب نے اثاثہ جات چھپانے پر رائے حسن نواز خاں کے انتخاب کو الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کیا تھا۔

(جاری ہے)

جس پر 12 مئی 2015 کو الیکشن ٹربیونل ملتان کے جج رانازاہد محمود نے رائے حسن نواز خاں کو نا اہل قرار دے کر دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا جس پر رائے حسن نواز خاں نے سپریم کورٹ سے حکم امتناعی حاصل کر لیا تھا ۔رائے حسن نواز خاں کا شمار اہم سیاستدانوں میں ہوتا ہے جو 4 مرتبہ پنجاب اسمبلی کے رکن مشیروزیراعلی پنجاب اور دو بار ضلع ناظم ساہیوال منتخب ہو چکے ہیں ۔یاد رہے کہ الیکشن2013 میں رائے حسن نواز خاں 88004 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر جبکہ حاجی ایوب 75430 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔