الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کے اثاثوں کی تفصیلات جسٹس اینڈڈیمو کریٹ پارٹی کے حوالے کر دیں

جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے فوکل پرسن احسن الدین نے الیکشن کمیشن سے اثاثوں کی تفصیلات وصول کیں

بدھ 25 مئی 2016 17:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیر اعظم میاں نواز شریف کے اثاثوں کی تفصیلات جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی کے حوالے کردیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق16 مئی کو جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی کے سربراہ و سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری نے میاں نواز شریف کے اثاثوں کی تفصیلات حاصل کرنے کیلئے درخواست دائر کی تھی ۔

(جاری ہے)

افتخار محمد چوہدری کی جانب سے ان کے وکیل شیخ احسن عظیم نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی جس میں کہا گیا تھا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف کے 2008 سے 2013 تک کی الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی اثاثوں کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے درخواست پر بدھ کو الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم کے اثاثوں کی تفصیلات فراہم کردی ہیں ۔ جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے فوکل پرسن احسن الدین نے الیکشن کمیشن سے اثاثوں کی تفصیلات وصول کیں۔واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس نے موقف اختیار کیا کہ نواز شریف آف شور کمپنیاں چھپا کر صادق اور امین نہیں رہے اس لیے اثاثوں کی تفصیلات کا جائزہ لینے کے بعدوزیر اعظم کے خلاف سپریم کورٹ میں نااہلی کی درخواست دائر کی جائیگی۔