اقتصادی راہداری سے بلوچستان کے کم ترقی یافتہ اور پسماندہ علاقوں کو ترقی کے مواقع میسر آئینگے، ژوب، تربت اور گوادر میں یونیورسٹی کی سطح پر تعلیم کے مواقع آنے سے بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے اعلیٰ تعلیم کے حصول کا رجحان فروغ پائے گا

وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال کی بلوچستان کے گورنر محمد خان اچکزئی سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 25 مئی 2016 17:14

اسلام آباد ۔ 25 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری سے بلوچستان کے کم ترقی یافتہ اور پسماندہ علاقوں کو ترقی کے مواقع میسر آئینگے، ژوب، تربت اور گوادر میں یونیورسٹی کی سطح پر تعلیم کے مواقع آنے سے بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے اعلیٰ تعلیم کے حصول کا رجحان فروغ پائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پلاننگ کمیشن میں بلوچستان کے گورنر محمد خان اچکزئی سے ملاقات کے دوران کیا، ملاقات میں بلوچستان میں ترقیاتی امور، تعلیمی و سماجی شعبے کی ترقی پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف بلوچستان کے عوام کی ترقی اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے کم ترقی یافتہ علاقوں میں نئی یونیورسٹیاں قائم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری کے خاتمے کے لئے کم تعلیم یافتہ افراد کو ہنرمند بنانے کے لئے ووکیشنل ٹریننگ کے منصوبے شروع کئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری سے بلوچستان کے کم تریقی یافتہ اور پسماندہ علاقوں کو ترقی کے مواقع میسر آئینگے۔

انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ اور گوادر میگا سٹی منصوبوں کے آغاز سے بلوچستان دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے اور راہداری کے منصوبے سے صوبہ میں اقتصادی ترقی کا نیا دور شروع ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ گیم چینجر ہے، 2016ء کا پاکستان 2013ء سے بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام کی ضرورت ہے تا کہ ترقی کے اس عمل کو پائیدار بنایا جا سکے۔