نیا ضلع ہونے کی وجہ سے مسائل زیادہ ،وسائل کی کمی ہے، تمام وسائل ضلع کی تعمیر و ترقی کیلئے استعمال کر رہے ہیں ،ڈپٹی کمشنر صحبت پور

بدھ 25 مئی 2016 16:57

صحبت پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء) ڈپٹی کمشنر صحبت پور زین العابدین انصاری نے کہا ہے کہ صحبت پور کے عوام کی خدمت کیلئے میرے دروازے کھلے ہوئے ہیں ۔ نیا ضلع ہونے کی وجہ سے مسائل زیادہ ہیں اور وسائل میں کمی ہے ۔ تمام تر وسائل ضلع کی تعمیر و ترقی کیلئے استعمال کر رہے ہیں ۔ ضلع میں امن و مان کی فضا ء بحال ہے ۔ اس وقت متعدد محکمے ضلع میں کام کر رہے ہیں ۔

جون کے بعد انشاء اللہ دوسرے محکمے بھی ضلع صحبت پور میں اپنا کام شروع کرینگے ۔جن کیلئے ان پر بڑے پیمانے پر خط و کتابت جاری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر صحبت پور زین العابدین انصاری نے ڈسٹرکٹ پریس کلب صحبت پور کے صحافیوں اور علاقے کے معروف زمیندار میر عبدالمجید خان کھوسہ کی قیادت میں ملنے والے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صحبت پور کو ضلع تقریباََ 3سال ہوئے ہیں ۔ 6ماہ قبل میرے تعینات ہونے سے پہلے صرف محکمہ تعلیم کا م کر رہا ہے لیکن اب تقریباََ 13محکمے ضلع صحبت پور میں کام کر رہے ہیں ۔ڈپٹی کمشنر صحبت پور زین العابدین انصاری نے مزید کہا کہ امید ہے کہ جون کے بعد دوسرے محکمے یہاں آکر کام کرینگے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم ، صحت اور صاف پانی عوام کا بنیادی حق ہے ۔

ان کیلئے کوششیں جاری ہیں کہ ضلع صحبت پور کے عوام کو پینے کا صاف پانی جلد ہی فراہم کیا جائے گا ۔ تعلیم ، صحت ودیگر محکموں پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ کسی بھی محکمے کے آفیسران و عملے کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ عوامی خدمات میری اولین تر جیحات میں شامل ہیں ۔ وسائل محدود ہیں اورمسائل زیادہ ہیں ۔ عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروکار لائیں جا رہے ہیں ۔