ضلعی و میونسپل انتظامیہ کے خلاف میرپورخاص کے شہریوں نے مارکیٹ چوک سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی

بدھ 25 مئی 2016 16:39

میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء) بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ، نکاسی و فراہمی آب کی ناقص صورتحال ، شہر کے انفرااسٹرکچر کی تباہ حالی اور غریب ریڑھی بانوں اور خوانچہ فروشوں کو بے روزگار کرنے پرضلعی و میونسپل انتظامیہ کے خلاف میرپورخاص کے شہریوں نے مارکیٹ چوک سے میرپورخاص پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی اور مظاہرہ کیا۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں احتجاجی بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور وہ ضلعی و میونسپل انتظامیہ کے خلاف نعرے بلند کررہے تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بدعنوان ضلعی و میونسپل انتظامیہ کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے شہر آثار قدیمہ کا منظر پیش کررہا رہا ہے جبکہ شدید گرمی میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اور نکاسی و فراہمی آب کا نظام درہم برہم ہونے سے شہری ذہنی اذیت کا شکار ہیں ۔

(جاری ہے)

ضلعی و میونسپل انتظامیہ نے میرپورخاص پولیس کی مدد سے غریب ریڑھی بانوں اور خوانچہ فروشوں کو بے روزگار کرکے شہر کی بڑی آبادی کا معاشی قتل عام کیا ہے۔ تعمیر و ترقی کے نام فنڈز ہڑپ کرلئے گئے لیکن عوام آج تک ترقیاتی اسکیموں کے ثمرات سے محروم ہیں۔اطلاع ملتے ہی ایم کیو ایم میرپورخاص زون کے زونل انچارج مجیب الحق اور حق پرست رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر ظفر کمالی نومنتخب حق پرست کونسلرز کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور مظاہرین سے باچیت کی اور ان کے مسائل سنے۔

اس موقع پر حق پرست ایم پی اے ڈاکٹر ظفر کمالی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی و میونسپل افسران سے بارہا رابطہ کرکے انہیں عوامی مسائل سے آگاہ کیا گیا لیکن متعلقہ افسران عوامی مسائل کے حل سے زیادہ فنڈز ہڑپ کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔شاہراہوں اور رہائشی علاقوں میں کئی ماہ سے سیوریج کا گندا پانی تالابوں کی صورت میں کھڑا ہے جبکہ جگہ جگہ غلاظت کے پہاڑ کھڑے ہیں۔

سڑکوں پر خندق نما گڑھے اور سیوریج کے پانی میں ڈوبے مین ہول کسی المیہ کا سبب بن سکتے ہیں ۔شدید گرمی میں بجلی کی طویل بندش اور پانی کی شدید قلت کے باعث شہری دوہری اذیت کا شکار ہیں ۔ حق پرست کونسلر فاروق جمیل درانی نے کہا متعلقہ افسران کی کرپشن کے قصے زبان زد عام ہیں لیکن قومی ادارے کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے والے بدعنوان افسران دھڑلے سے اپنے عہدوں پر براجمان ہیں ۔

ریڑھی بانوں اور خوانچہ فروشوں کے چولہے بجھانے کے درپے متعلقہ افسران کا غریب شہریوں سے ہتک آمیز رویہ برداشت نہیں کریں گے۔اس موقع پر حق پرست کونسلرز آفتاب قریشی، افشین باجی ، ٹھیلا ایسوسی ایشن کے رہنما محمد منظر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ اور صوبائی وزیر بلدیات سے مطالبہ کیا کہ ضلعی و میونسپل انتظامیہ کے میرپورخاص کے شہریوں کے ساتھ سوتیلے رویے کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں عوامی مسائل کے فوری حل کا پابند بنایا جائے اور بدعنوانی میں ملوث ضلعی و میونسپل افسران کے خلاف سخت ترین محکمانہ اور قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔

متعلقہ عنوان :