بجلی صارفین لوڈشیڈنگ اور زائد بلنگ سے تنگ آچکے ہیں، محمد یامین

بدھ 25 مئی 2016 16:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء) وفاقی محتسب ریجنل آفس کے ایڈوائزر محمد یامین نے کہا ہے کہ بجلی صارفین لوڈشیڈنگ اور زائد بلنگ سے تنگ آ چکے ہیں ان کی پریشانیوں سے محتسب ادارہ بخوبی واقف ہے یہی وجہ ہے کہ زائد بلنگ کا خاتمہ کرکے غریب شہریوں کو فوری انصاف فراہم کیا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر ملیر کے کیمپ آفس میں Kالیکٹرک کی زائد بلنگ کے خلاف دی جانے والی درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے کیا ۔

محمد یامین نے کہا کہ شہری بجلی بچا کر بھی لوڈشیڈنگ میں کمی کرسکتے ہیں جبکہ کیس ٹو کیس درخواستوں کا جائزہ لے کر زائد بلنگ کا خاتمہ ہمارے لئے فرائض منصبی سے کم نہیں۔ درخواست گذار ایس ایم عباس نقوی نے محتسب عدالت کو بتایا کہ وہ باقاعدگی سے بجلی بل کی ادائیگی کرنے والا صارف ہے تاہم زائد بلنگ کی وجہ سے بے حد پریشان ہے اور جس جگہ کا یہ بل ہے میں وہاں غریب و نادار بچوں کو مفت تعلیم دیتا ہوں مجھے زائد بلنگ سے نجات دلائی جائے اور میٹر کی خرابی دور کرنے کا حکم دیا جائے جس پر محتسب عدالت نے Kالیکٹرک کے افسران سے کہا کہ وہ ادارے کے خرچے پر صارف کا میٹر تبدیل کردیں۔

(جاری ہے)

مدعی انصار حسین خان نے کہا کہ میرا میٹر گھر کے باہر لگا ہوا ہے اس لئے بجلی چوری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا لیکن بجلی کا بل خلافِ توقع بھیج دیا جاتا ہے ایڈوائزر محمد یامین نے بل کا جائزہ لینے کے بعد مثبت اقدامات کئے۔ مہتاب حسین خان نے وفاقی محتسب کو بتایا کہ وہ کراچی یونیورسٹی میں ملازم ہے اور اس کی تنخواہ قلیل ہے جبکہ اسے Kالیکٹرک سے 73ہزار روپے کا بل موصول ہوا ہے جس کی ادائیگی سے وہ قاصر ہے محتسب عدالت کے ایڈوائزر محمد یامین نے زائد بلنگ کا خاتمہ کرکے انصاف کے تقاضے کو پورا کردیا۔

سید الطاف حسین نے بتایا کہ وہ صرف 70گز کے مکان میں رہتا ہے اور بجلی کا بل بھی باقاعدگی سے اداکرتا ہے لیکن اس کے باوجود اسے اچانک 49630/-روپے کا بل بھیجا گیا ہے محتسب عدالت سے استدعا ہے کہ بل کی زائد رقم کی کٹوتی کرکے انصاف دلایا جائے جس پر عدالت نے سابقہ اور موجودہ بل کا جائزہ لینے کے بعد بل میں کمی کرکے صارف کو انصاف فراہم کردیا۔ محتسب عدالت کے ایڈوائزر محمد یامین نے محمد بلال کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے آرڈر کے مطابق نومبر 2013سے قبل کی درخواست قابلِ سماعت نہیں ہے اسی عدالت نے ابرار خان کی درخواست کی سماعت کے دوران Kالیکٹرک کے متعلقہ افسر سے بل کے بارے میں رپورٹ طلب کی تو انہوں نے بتایا کہ صارف کا بل نارمل اور درست ہے بلکہ میٹر ریڈنگ کے مطابق ہے جس پر عدالت نے صارف سے کہا کہ بل کی قسطیں تو کی جاسکتی ہیں تاہم اس میں کمی نہیں کی جاسکتی۔

اس موقع پرK الیکٹرک کے جنرل مینجر معروف سولنگی کو آرڈینیٹر وقاص احمد کے علاوہ وفاقی محتسب ریجنل آفس کی افسر تعلقاتِ عامہ بہلیم بلقیس جان بھی موجود تھیں۔

متعلقہ عنوان :