سی ڈی اے واٹر مینجمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو مختلف سیکٹرز میں پانی کی سپلائی میں مشکلات کا سامنا

بدھ 25 مئی 2016 16:13

اسلام آباد ۔ 25 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 مئی۔2016ء) وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) واٹر مینجمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے پانی کے ٹینکرز کے ٹائرز خراب ہونے کی وجہ سے مختلف سیکٹروں میں پانی کی سپلائی میں مشکلات کا سامنا ہے، حال ہی میں چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے ٹینکرز کی مرمت اور ٹائرز کے لئے 5لاکھ روپے منظور کئے تاہم وہ رقم ناکافی ہے۔

سی ڈی اے کے انجینئرنگ ونگ کے حکام نے ”اے پی پی“ کو بتایا کہ سی ڈی اے واٹر ڈائریکٹوریٹ کے پاس 25 واٹر ٹینکر ہیں جن میں سے 20 ٹینکر چل رہے ہیں لیکن ان میں سے بھی اکثر کے ٹائر خراب ہیں، ہم نے کئی مرتبہ چیئرمین سی ڈی اے کو فنڈز کی کمی کے بارے میں آگاہ ہے ،تاہم چیئرمین سی ڈی اے نے واٹر ٹینکرز کی مرمت اور ٹائر کیلئے صرف پانچ لاکھ روپے کی منظوری دی جو ناکافی ہے۔

(جاری ہے)

مختلف سیکٹروں میں پانی کی سپلائی کیلئے تمام واٹر ٹینکروں کو فعال کرنے کی اشد ضرورت ہے جس کیلئے خاطر خواہ فنڈز درکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرمیوں کے موسم میں سپورٹس اینڈ کلچر ڈائریکٹوریٹ کے 8 ٹینکر سی ڈی اے واٹر ڈائریکٹوریٹ کو دیئے جاتے ہیں تاہم ان ٹینکروں کے ٹائر خراب ہونے کی وجہ سے ابھی تک ہمیں وہ ٹینکر نہیں ملے۔ انہوں نے کہا کہ سملی ڈیم میں پانی وافر مقدار میں موجود ہے تاہم ٹینکرز کی خرابی کی وجہ سے شہریوں کو پانی کی کمی کا سامنا ہے۔ انجینئرنگ ونگ کے حکام نے بتایا کہ آئی سیریز میں سٹاف کی کمی کے باعث وہاں پر رہائشیوں کو پانی کی سپلائی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

متعلقہ عنوان :