شرمیلا فاروقی کا لیاقت لائبریری کی تعمیر میں سست روی پر اظہار برہمی

بدھ 25 مئی 2016 16:12

کراچی ۔ 25 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 مئی۔2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ کی معاون خصوصی برائے ثقافت و سیاحت شرمیلا فاروقی نے محکمہ ورکس اینڈ سروسز کی جانب سے لیاقت نیشنل لائبریری میں آڈیٹوریم کی تعمیر میں سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پراجیکٹ کو مئی 2016ء تک مکمل ہو جانا تھا مگر یہ ترقیاتی کام اب تک اپنی تکمیل سے کئی ماہ کی دوری پر ہے۔

بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے لیاقت نیشنل لائبریری کا اچانک دورے کے موقع پر کہی۔ شرمیلا فاروقی نے لائبریری میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور تعمیری کام میں سست روی پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ طویل عرصے سے جاری ترقیاتی کام کے باعث طلباء و طالبات اور لائبریری آنے والے افراد شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے لیاقت لائبریری کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور مطالعے میں مصروف طلباء و طالبات سے لائبریری میں موجود سہولیات کے حوالے سے گفتگو کی اور ان کے مسائل سنے۔ شرمیلا فاروقی نے طلباء و طالبات کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل آئندہ چند دنوں میں حل کر دیئے جائیں گے۔ شرمیلا فاروقی نے انچارج لیاقت لائبریری بشیر ابڑو کو حکم دیا کہ وہ فوراً لائبریری میں فری وائی فائی نظام کو بہتر بنائیں تاکہ طلباء و طالبات اس سے مستفید ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :