آرمی چیف کا آرمڈ فورسز کے امراض چشم سینٹر کا دورہ،آپریشن ضرب عضب کے دوران بصارت سے محروم ہونے والے جوانوں سے ملاقات۔آئی ایس پی آر

آرمی چیف کا فوج کے جوانوں اور جنگی ہیروز کی کامیابیوں،قربانیوں اور جرات کو خراج تحسین،قومی ہیروز کو طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت،فوج کے جوانوں نے قائداعظم کے پاکستان کو حقیقیت کا روپ دینے کیلئے اپنی بینائی قربان کر دی،ہم ہار مانیں گے نہ پیچھے ہٹیں گے۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 25 مئی 2016 16:09

آرمی چیف کا آرمڈ فورسز کے امراض چشم سینٹر کا دورہ،آپریشن ضرب عضب کے ..

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25مئی2016ء) :آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آرمڈ فورسز کے امراض چشم سینٹر کا دورہ کیا،جہاں پرآرمی چیف نے آپریشن ضرب عضب کے دوران بصارت سے محروم ہونے والے جوانوں سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار نے فوج کے جوانوں اور جنگی ہیروز کی کامیابیوں، قربانیوں اور جرات کو خراج تحسین پیش کیا۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ہم ہار مانیں گے نہ پیچھے ہٹیں گے۔ دورے کے دوران پاک فوج کے سربراہ کو بحالی بصارت کی سٹیٹ آف دی آرٹ مرکز کے پائلٹ پراجیکٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ جہاں بصارت سے محروم فوجیوں کی بحالی کیلئے کمپیوٹر آئی ٹی لیب بریل سسٹم ووکیشنل اور دیگر سہولیات موجود ہیں۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ہدایت کی کہ قومی ہیروز بہترین طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

(جاری ہے)

جنہوں نے قائداعظم کے پاکستان کے ویژن کو حقیقیت کا روپ دینے کیلئے اپنی بینائی قربان کر دی۔اس موقعہ پرجنرل راحیل شریف اے ایف آئی او میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی طرف سے زخمیوں کی دیکھ بھال اور علاج کے اعلیٰ معیار کر سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن ضرب عضب کے دوران بارودی سرنگوں کے دھماکوں میں اب تک179جوان جزوی اور مکمل طور پر نابینا ہو چکے ہیں۔

جبکہ اس وقت اے ایف آئی او میں قوم کے 56 بہادر سپوت زیر علاج ہیں جن میں سے 30 فوجی دونوں آنکھوں سے محروم ہو چکے ہیں آرمی چیف نے زخمیوں کے ساتھ کافی وقت گزارا اور انکی خیریت دریافت کی۔قبل ازیں اے ایف آئی او آمد پر ایڈجوٹنٹ جنرل لیفٹیننٹ جنرل انور علی خیدر اور سرجن جنرل پاکستان آرمی لیفٹیننٹ جنرل سید عمران مجید کی طرف سے آرمی چیف کا استقبال کیا گیا۔

آرمی چیف کا آرمڈ فورسز کے امراض چشم سینٹر کا دورہ،آپریشن ضرب عضب کے ..