دورہ انگلینڈ کے لیے 21ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان

بدھ 25 مئی 2016 15:56

دورہ انگلینڈ کے لیے 21ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار25مئی ۔2016ء ) دورہ انگلینڈ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے 21ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلا ن کردیا ہے ، لیگ سپنر یاسر شاہ اور ذوالقار بابر مکمل نہ فٹ ہونے کے باوجود سکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے قذافی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کے 21ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کیا ، ان کھلاڑیوں میں مصباح الحق ، محمد حفیظ ، یاسر شاہ ، یونس خان ، محمد عامر ، آصف ذاکر ، سرفرا ز احمد ، محمد رضوان ، اسد شفیق ، اظہر علی ، راحت علی ،عمران خان جونیئر ،سہیل خان ،شان مسعود ،سمیع اسلم ،خرم منظوراورجنید خان شامل ہیں ۔

انضمام الحق نے اس موقع پر اے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ 16 لڑکوں کی ٹیم میں اوپنرز کیلئے شرجیل خان، فرخ زمان اور جان ولید کا نام فائنل کیا گیا ہے جبکہ مڈل آرڈر میں سعود شکیل، بابر اعظم، عمر صدیق اور عبدالرحمان مزمل شامل ہیں۔

(جاری ہے)

آل راﺅنڈرز میں محمد نواز کو شامل کیا گیا ہے اور فاسٹ باﺅلرز میں حسن علی، میر حمزہ، محمد عباس، عزیز اللہ اور بلاول بھٹی شامل ہیں جب کہ سپنرز میں محمد اصغر اور شاداب خان اور وکٹ کیپر محمد حسن شامل ہیں ۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ انہیں انگلینڈ کے دورے لیے کوئی ٹیسٹ آل راؤنڈ نہیں ملا ، عامر یامین ایک اچھا آل راؤنڈر ہے تاہم اسے ابھی اتنا تجربہ نہیں تھا ۔ بابر اعظم کے بارے میں انضمام الحق کا کہنا تھا کہ انہیں فرسٹ کلاس کرکٹ کا اتنا تجربہ نہیں ہے اس لیے انہیں سکواڈ میں شامل نہیں کیا ، فواد عالم کے بارے میں سوال پر چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ اسوقت قومی ٹیم کا مڈل آرڈر مستحکم ہے اور اگر ضرورت پڑی تو فواد عالم کو بھی کھلانے کا آپشن کھلا ہے ۔وہاب ریاض کے حوالے سے سوال پر انضمام الحق کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت ایسکس کے لیے کھیل رہے ہیں اور اگر انکی ضرورت ہوئی تو انہیں وہیں سے سلیکٹ کرلیا جائے گا ۔