وزیر اعظم نیشنل ہیلتھ انشورنس سکیم کا منصوبہ غریب عوام کی مدد کے لیے تشکیل دیا گیا ہے ،منصوبے پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن تمام تر رکاوٹوں کو دور کرے تاکہ اس کے ثمرات ملک کے غریب عوام تک پہنچ سکیں

وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان کا اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کوئٹہ ریجن میں جائزہ اجلاس سے خطاب

بدھ 25 مئی 2016 15:26

کوئٹہ۔25 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نیشنل ہیلتھ انشورنس اسکیم ایک اہم منصوبہ ہے جو ملک کے غریب عوام کی مدد کے لیے تشکیل دیا گیا ہے ،اس منصوبے پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن تمام تر رکاوٹوں کو دور کرے تاکہ اس کے ثمرات ملک کے غریب عوام تک پہنچ سکیں۔

یہ بات انہوں نے بدھ کو اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کوئٹہ ریجن میں جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی،اس موقع پر زونل چیف محمد اورنگزیب ،سیکٹر ہیڈ بلوچستان ناصرالدین مینگل نے وفاقی وزیر کو بلوچستان آفس کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی ،وفاقی وزیر خرم دستگیر نے کہا کہ اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کو پرائیوٹ نہیں کیا جارہا بلکہ اسے ایک کارپوریٹ ادارہ بنایا جارہا ہے جس کے لیے نئی قانون سازی میں سیکشن 7,6,5میں اسٹیٹ لائف کے تمام موجودہ ملازمین سمیت ریٹائرڈ ملازمین سیلز فورس اور پالیسی ہولڈرز کو مکمل تحفظ حاصل ہے اسٹیٹ لائف انشورنس کارپویشن انشورنس کا وہ واحد ملکی ادارہ ہے جس کی دسترس پاکستان بھر کے تمام دور افتادہ دیہی علاقوں تک ہے ،انہوں نے ہدایت کی کہ تشکیل کردہ نئے قوانین اردو میں ترجمہ کرکے تمام ملازمین کو فراہم کیا جائے تاکہ ان کے خدشات دور ہوسکیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے یقین دلایا کہ اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن بلوچستان کے ملازمین کے جائز مسائل کے حل کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے اور بلوچستان میں ادارے کی اپنی بلڈنگ کے لیے وزارت ریلوے سے اراضی کے حصول کے لئے رابطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے ذونل چیف کو ہدایت کی کہ وہ ان جملہ مسائل کے متعلق جامع رپورٹ مرتب کرکے وفاقی وزارت تجارت کو بجھوائیں۔

متعلقہ عنوان :