رمضان میں تاجرسستے داموں اشیائے صرف کی دستیابی کو یقینی بنائیں، کمشنر کاساہیوال چیمبر کے دورے پر ممبران سے خطاب

بدھ 25 مئی 2016 15:23

چیچہ وطنی۔ 25 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 مئی۔2016ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن بابر حیات تارڑ نے کہا ہے کہ تاجر رمضان المبارک کے دوران عوام کو اشیائے صرف کی دستیابی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ قیمتوں کو مناسب سطح پر رکھ کر عوام کو ریلیف فراہم کریں تا کہ اس مقدس مہینے میں غریب عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچایا جا سکے ۔صنعتکار وں اور تاجروں کا ملکی معیشت کی ترقی اور بیروزگاری کے خاتمے میں اہم کردار ہے جس کیلئے حکومت انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی ۔

وہ ساہیوال چیمبر کے دورے کے موقع پر ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران سے خطاب کر رہے تھے ۔اس موقع پر چیمبر کے صدر شہزاد احمد شیخ ‘سینئر نائب صدر محمد محسن کریم ‘ سابق صدور چوہدری صفدر رشید ‘ چوہدری سلطان محمود ‘شیخ عظمت سلیم ‘رانا وسیم اختر اور چوہدری ارشد حسین اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران ضیاء الر حمٰن خان ‘میاں ضیاء الحق ‘ حاجی احسان الحق فریدی ،میاں بابر صغیر ‘ محمد سرور جتالہ اور چوہدری وحید الحق بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے صنعتکاروں پر زور دیا کہ و ہ ساہیوال ڈویژن میں ایگرو انڈسٹری کو فروغ دیں تا کہ کاشتکاروں کو یہاں دستیاب خام مال کی بہتر قیمت مل سکے اور بیروزگاری کا خاتمہ ہو ۔انہوں نے تاجروں کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔قبل ازیں چیمبر کے صدر نے کمشنر کو تاجروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور یقین دلایا کہ تاجر برادری شہر کی خوبصورتی اور ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کرتی رہے گی۔

متعلقہ عنوان :