بجٹ میں ٹیکس گزاروں پر مزید بوجھ نہیں ڈالیں گے ‘ ٹیکس نہ دینے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائیگا ‘وزیر خزانہ

بدھ 25 مئی 2016 14:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بجٹ میں ٹیکس گزاروں پر مزید بوجھ نہیں ڈالیں گے ‘ ٹیکس نہ دینے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائیگا ‘عالمی سطح پر جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق 2050 تک پاکستان کی معیشت دنیاکی 18 ویں کامیاب معیشت ہوگی ۔توقعات اور خدشات کے عنوان سے پری بجٹ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ جس وقت مسلم لیگ (ن) برسراقتدار میں آئی تھی تب ملکی معاشی حالت بہت خراب تھی اور پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، اس وقت ماہرین کہتے تھے کہ پاکستان کی حالت درست ہونے میں 4 سے 5 سال کا عرصہ لگے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک مشکل چیلنج تھا مگر ہم نے معیشت کی بہتری کیلئے روڈ میپ تیار کرکے نئے سفر کا آغاز کیا اور محض 3 سال کے مختصر عرصے میں پاکستان کی معیشت درست سمت پر لے آئے ہیں ۔

(جاری ہے)

اسحاق ڈا ر نے کہا کہ ملک میں توانائی کے بحران کی وجہ سے بجلی کی لوڈشیڈنگ میں بے حد اضافہ ہو گیا تھا ، ملک کی صنعتیں بجلی اور گیس بحران کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار تھیں اور ملک میں ٹیکس اداکرنے کی شرح شرمناک حد تک کم تھی مگر ہم نے ان مشکلات سے نبرد آزما ہونے کیلئے کوشش شروع کر دی اور مالیاتی نظم و ضبط کے تحت اپنے اخراجات میں کمی کی اور وزیرا عظم کے صوابدیدی فنڈ کو 4ارب روپے سے صفر کر دیا ۔

انہوں نے کہاکہ عالمی سطح پر جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق 2050 تک پاکستان کی معیشت دنیاکی 18 ویں کامیاب معیشت ہوگی، ہماری کوشش ہوگی کہ2030 تک پاکستان کوو اس صف میں لائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معاشی ترقی کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، ملک میں زراعت کے شعبے کی بہتری کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ اگلے بجٹ میں ٹیکس گزاروں پر مزید بوجھ نہیں ڈالیں گے ‘ ٹیکس نہ دینے والوں کی زندگی کو اجیرن بنا دیں گے،اخراجات کم کرکے ترقی کی شرح میں اضافہ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :