ا سکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم کی عمران فاروق قتل کیس کے تینوں ملزمان سے جیل میں پوچھ گچھ ‘اقبالی بیانات کا جائزہ لیا

بدھ 25 مئی 2016 14:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء) ا سکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم نے عمران فاروق قتل کیس کے تینوں ملزمان سے جیل میں پوچھ گچھ کی اور اقبالی بیانات کا جائزہ لیا ‘ برطانوی پولیس کے مطابق فورنزک ماہرین آئندہ ایک دو روز میں کیس سے متعلق اہم ثبوت جے آئی ٹی کو فراہم کردیں گے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم نے عمران فاروق قتل کیس میں گرفتار تینوں ملزمان خالد شمیم، معظم علی اور محسن علی سے اڈیالہ جیل میں پوچھ گچھ کی ‘ ان کے ایف آئی اے اور مجسٹریٹ کے سامنے دیئے گئے بیانات کا جائزہ لیااور ملزمان کے بینک اکاؤنٹس کی چھان بین کی۔

ذرائع کے مطابق برطانوی پولیس کے فورنزک ماہرین آئندہ ایک دو روز میں کیس سے متعلق اہم ثبوت جے آئی ٹی کو فراہم کریں گے ادھر انسداد دہشت گردی کی عدالت نے تینوں ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 6 جون تک توسیع کر دی۔دوران سماعت پراسیکیوٹر خواجہ امتیاز نے عدالت کو بتایا کہ تفتیشی افسر اسکاٹ لینڈ یارڈ ٹیم کے ساتھ مصروفیات کے باعث حاضر نہیں ہو سکے۔کیس سے متعلق مزید شواہد ایک دو دن میں اکٹھے کر لیے جائیں گے۔ملزم خالد شمیم نے عدالتی دائرہ اختیار کے خلاف درخواست جمع کرائی جس پر بحث 6 جون کو ہو گی۔

متعلقہ عنوان :