بیلٹ پیپر پر کسی بھی امیدوار کو ووٹ نہ دینے کا آپشن شامل کرنے کی تجویز مسترد

بدھ 25 مئی 2016 14:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء) انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی نے بیلٹ پیپر پر کسی بھی امیدوار کو ووٹ نہ دینے کا آپشن شامل کرنے کی تجویز مسترد کردی۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل میں اصلاحات کے لئے قائم پارلیمانی کمیٹی کو سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں تجویز دی تھی کہ دنیا بھر کے کئی ملکوں کی طرح پاکستان میں بھی بیلٹ پیپرز پر رائے دہندگان کے لیے انتخابی عمل میں تمام امیدواروں کو مسترد کرنے کیلئے خصوصی خانہ شامل کیا جائے ۔

اگر کسی بھی حلقے میں اس خانے پر نشان لگانے والے ووٹرز کی تعداد کل ووٹوں سے زائد ہوجائے تو اس حلقے کے نتائج کو کالعدم قرار دے دیا جائے۔الیکشن کمیشن نے تصدیق کردی ہے کہ پارلیمانی کمیٹی نے اس تجویز کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں رائج انتخابی نظام اس ترمیم کا متحمل نہیں ہوسکتا۔واضح رہے کہ ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز لوگوں کی اکثریت انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنتی۔ 2013 کے عام انتخابات میں بھی 45 فیصد ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال ہی نہیں کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :