لاہور کے پرائیویٹ اسکول میں ٹیچر کی 8 سالہ طالبعلم سے مبینہ زیادتی، اہل علاقہ مشتعل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 25 مئی 2016 12:11

لاہور کے پرائیویٹ اسکول میں ٹیچر کی 8 سالہ طالبعلم سے مبینہ زیادتی، ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25مئی2016ء) : لاہور کے ایک پرائیویٹ اسکول کے ٹیچر نے 8 سالہ طالبعلم کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہو گیا جبکہ 8 سالہ بچہ بھی مبینہ طور پر لا پتہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق واقعہ منظر عام پر آنے کے بعد گرین ٹاؤن کے رہائشی افراد نے مشتعل ہو کر اسکول پر حملہ کیا اور اسکول کی پراپرٹی کو بھی نقصان پہنچایا۔

واقعہ کی اطلاع موصول ہوتے ہی لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی جہاں مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی گئی۔ مشتعل مظاہرین نے پولیس کی ایک نہ سنی اور پولیس پر بھی پتھراؤ شروع کر دیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ اسکول ٹیچر نے طالبعلم کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہو گیا۔

(جاری ہے)

متاثرہ بچے کے والدین کا کہنا ہے کہ پولیس موقع پر تاخیر سے پہنچی۔

مشتعل مظاہرین نے اسکول کے سکیورٹی گارڈ پر بھی تشدد کیا اور اسکول انتظامیہ اور اسکول کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ مظاہرین کی جانب سے اسکول کو نذر آتش کرنے کی کوشش کے بعد پولیس کی بھاری نفری اور اعلیٰ پولیس افسران بھی موقع پر پہنچ گئے۔ دوسری جانب ایک اعلیٰ پولیس افسر نے بتایا کہ مجرم اسکول ٹیچر کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ گرفتاری ظاہر نہ کرنے کی وجہ مظاہرین کے اشتعال سے گریز کرنا تھا۔

متعلقہ عنوان :