حضرت میاں محمد آدم شاھ کلہوڑو کے سالانہ 418ویں عرس مبارک کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے ڈپٹی کمشنر سکھر کی آفس میں ایک اجلاس

منگل 24 مئی 2016 22:26

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 مئی۔2016ء) حضرت میاں محمد آدم شاھ کلہوڑو کے سالانہ 418ویں عرس مبارک کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے ڈپٹی کمشنر سکھر کی آفس میں ایک اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سٹی سکھر میر محمد نواز کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی/سجادہ نشین میان جہانگیر عباسی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عرس 2جون بمطابق 25شعبان المعظم کو آدم شاہ کی ٹکری پر شروع ہوگا، جس کا افتتاح کمشنر سکھر ڈویڑن محمد عباس بلوچ مزار پر پھولوں کی چادر چڑھا کر کرینگے۔

(جاری ہے)

عرس کے موقع پر زائرین کو سہولیات دینے، پینے کے پانی کی فراہمی، صفائی ستھرائی کیلئے مختلف ذیلی کمیٹیاں بھی بنائی گئیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ حضرت آدم شاھ کلہوڑو کے عرس کے موقع پر سکیورٹی کے بھی غیرمعمولی انتظامات کیے جائیں اور درگاہ میں داخل ہونے کیلئے واک تھرو گیٹ نصب کیا جائے اور لوگوں کی نقل حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے۔

انہوں نے کہا کہ عرس کے موقع پر حضرت میان محمد آدم شاہ کلہوڑو کی زندگی اور میاں وال تحریک میں خدمات سمیت دیگر تاریخ کے بارے میں عوام کو آگاہی فراہم کرنے کیلئے سوانح عمری اور دیگر کتابچہ بھی شایع کیے جائیں۔