پی آر اے کی تشکیل ،ٹیکس وصولی وچئیرمین کی تقرری کالعدم قرار دینے کے حوالے سے عدالت عالیہ کے بنچ کا فیصلہ معطل

منگل 24 مئی 2016 22:14

لاہور۔24 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 مئی۔2016ء ) لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کی تشکیل ،ٹیکس وصولی اورچئیرمین کی تقرری کو کالعدم قرار دینے کے حوالے سے عدالت عالیہ کے سنگل بنچ کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے193 مزید اپیلوں پرحکم امتناعی جاری کر دیا۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک پر مشتمل دو رکنی بنچ نے پنجاب اتھارٹی کی جانب سے انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کی، پنجاب ریونیو اتھارٹی کے وکیل ملک اویس خالد نے عدالت کو بتایا کہ عدالت عالیہ کے سنگل بنچ نے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے اتھارٹی کی تشکیل کیخلاف 2 سو سے زائد درخواستوں کو منظور کیا تھا ،انہوں نے کہا کہ عدالت کو حکومت کے پالیسی معاملات میں مداخلت کا اختیار نہیں،عدالت عالیہ کے سنگل بنچ کا فیصلہ سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے،انہوں نے کہا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی قانون کے تحت قائم کی گئی ہے اور ٹیکس کی وصولی کرسکتی ہے،انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت عالیہ کے سنگل بنچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے،جس پر عدالت نے عدالت عالیہ کے سنگل بنچ کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے حکم امتناعی جاری کر دیا اور حکومت پنجاب و دیگر فریقین کو 28 ستمبرکیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

متعلقہ عنوان :