پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کا پہلا ورکر کنونشن ضلع رحیم یار خان ہو گا

منگل 24 مئی 2016 21:43

اسلام آباد ۔ 24 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 مئی۔2016ء) سابق وزیر اعظم پاکستا ن سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔ یہ بات انہوں نے جنوبی پنجاب کی کوارڈنینشن کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی اجلاس میں پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کی کوارڈینشن کمیٹی کے رکن سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود، سابق ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب چوہدری شوکت بسراء ، محمود حیات ٹوچی خان، عبدالقادرشاہین اور خواجہ رضوان عالم نے شرکت کی۔

اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کرتے ہوئے عبدالقادر شاہین کو جنوبی پنجاب کی کوارڈینشن کمیٹی کا سیکرٹری اور خواجہ رضوان عالم کو میڈیا ترجمان مقرر کرنے کی منظور ی دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں جنوبی پنجاب کی سابقہ تنظیم اور عہدیداران کی تنظیمی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے اور اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ کوارڈینینشن کمیٹی جنوبی پنجاب کے ہر ضلع کی سطح پر ورکرز کنونشن منعقد کریگی اور تمام روٹھے ہوئے سینئر رہنماؤں وکارکنوں کا منانے اورنئے نوجوان ساتھیوں کو شامل کرے گی ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جنوبی پنجاب کے سابقہ عہدیداران کے اعزاز میں یکم جون کو ملتان میں سابقہ وزیرا عظم یوسف رضا گیلانی کی جانب سے ایک پر وقار تقریب کا اہتمام کیا جائے گا ۔ 2 جون کو پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کا پہلا ورکر کنونشن ضلع رحیم یار خان ، شام 5 بجے منعقد ہو گا جبکہ 3جون کو کوارڈینشن کمیٹی کا دوسرا اجلاس رحیم یار خان مخدوم ہاوس جمال دین والی میں منعقد ہو گا -

متعلقہ عنوان :