پرویز مشرف کی وطن واپسی پر بھرپوراستقبال کی تیاریاں شروع کردیں، ڈاکٹر محمدامجد

منگل 24 مئی 2016 20:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 مئی۔2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمدامجد نے پارٹی راہنماؤں سے کہا ہے کہ پارٹی چیئرمین جنرل(ر)پرویز مشرف کی وطن واپسی پر بھرپوراستقبال کی تیاریاں شروع کردیں،پارٹی سربراہ کے وطن واپس آنے تک یونین کونسلزاور گاؤں کی سطح تک تنظیم سازی مکمل کریں،اے پی ایم ایل نے اس سال کے اخیرمیں ایک بڑی سیاسی جماعت بن کر ابھرنا ہے۔

یہ بات انہوں نے منگل کو اسلام آباد میں اے پی ایم ایل فیڈرل کیپیٹل کے عہدیداران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں صدر راجہ حماد حسین، جنرل سیکرٹری حاجی مطلوب،این اے 48کے صدر ہادی شاہ،این اے 49کے صدر چودھری افسر،شعبہ خواتین کی صدر سیدہ فردوس،راجہ جمشید،حاجی امین،چودھری شفیع ، ولایت شاہ،جاوید عباسی،توصیف علوی،طارق علی اور دیگر راہنماؤں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جولائی میں پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس منعقد ہونا ہے تب تک تمام تنظیمیں مکمل کر لی جائیں۔پارٹی راہنماؤں کو مزید اہداف سی ڈبلیو سی کے اجلاس میں دئیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پارٹی سربراہ کی وطن واپسی پر ان کا عظیم الشان استقبال کرنا ہے اور اسی سال کے آخر تک پارٹی کو تیسری سیاسی قوت کے طور پر سامنے لانا ہے اس مقصد کے لئے بھرپورتیاریاں ابھی سے شروع کردیں۔

آل پاکستان مسلم لیگ اکتوبر میں چاروں صوبوں اور اسلام آباد میں ورکرز کنونشنز کر کے اپنی طاقت کا اظہار کرے گی۔اجلاس میں پارٹی راہنماؤں نے سیکرٹری جنرل کو فیڈرل کیپیٹل کی تنظیم کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا اور اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ پارٹی قیادت کے احکامات کے مطابق تنظیم سازی کی رفتار تیز کر دی جائے گی اور دئیے گئے اہداف کے مطابق پارٹی کو جلد از جلد منظم کیاجائے گا۔

متعلقہ عنوان :