پاکستان کے ساتھ امریکاکی دوغلی پالیسی قابل مذمت ہے، بشارت مرزا

منگل 24 مئی 2016 20:11

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 مئی۔2016ء ) پاکستان کے ساتھ امریکاکی دوغلی پالیسی قابل مذمت ہے، ایک طرف امریکامذاکرات کی بات کرتا ہے اور چارفریقی کانفرنس بلاتاہے دوسری طرف اگلے ہی روز پاکستان کو اعتماد میں لئے بغیر ڈرون حملہ کرکے پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کو نقصان پہنچاتاہے،اور یہ تمام کارروائیاں وہ صرف پاکستان کے ساتھ کررہاہے ،حالانکہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے علاوہ کسی ملک نے اتنی قربانیاں نہیں دیں،امریکاکی خودساختہ جنگ میں پاکستان نے پچپن ہزارسے زائد جانوں کا نذرانہ پیش کیااس کے باوجود امریکانے ہٹ دھرمی اور ڈھٹائی کی بدترین مثال قائم کرتے ہوئے پاکستان کے مفادات پر ہمیشہ کاری ضرب لگائی ہے۔

یہ باتیں پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی صدر بشارت مرزانے اپنے دفتر مرزاہاؤس میں منعقدہ ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستانی حدود میں حالیہ امریکی ڈرون حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے تمام محب وطن اور جمہوری جماعتوں سے اپیل کی کہ ملکی حدود میں ڈرون حملوں کے خلاف پر بھرپور آواز اٹھائی جائے ۔انہوں نے کہاکہ ڈرون حملے پاکستان کی خو د مختاری اور عالمی قوانین کی سنگین خلا ف ورزی ہیں،امریکابھارتی ایماء پر پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی سے کھیل رہاہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکاکی کالونی نہیں بلکہ ایک آزاد وخود مختار ریاست ہے اور امریکانے پاکستان میں ڈرون حملوں کے حوالے سے معاہدے کئے ہوئے ہیں لیکن ریڈزون قراردیئے گئے بلوچستان کے علاقے میں ڈرون حملہ کرکے اشتعال انگیزی کی ہے، جس پر پاکستانی قوم کو شدید تحفظات ہیں، امریکہ کو ہماری خود مختاری کا احترام کرنا ہو گااور عالمی معاہدوں کی پاسداری کرتے ہوئے دنیاکے دیگر ممالک کی طرح پاکستان کے ساتھ عالمی اصولوں کے مطابق برابری کی بنیادپر تعلقات استوارکرناہوں گے۔

اجلاس سے مرکزی رہنماارشدمرزا، غلام صابر ،عبدالحمید مغل، ڈاکٹرایس ایم حسین، عبدالحکیم، عبدالمجید قریشی، ڈاکٹر سعید قریشی، ارتضیٰ بیگ، عدنان مرزا، سلیم نیازی، کاظم حسین، محمدمحسن ودیگر بھی شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :