چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور منصوبہ ترقی و خوشحالی کی راہداری ثابت ہو گا

پاک چین تعلقات دو ممالک کے عوام نہیں ،ایک ارب سے زائد لوگوں کے تعلقات ہیں، ہماری دوستی پورے خطہ اور دنیا کیلئے فائدہ مند ہے وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید کا پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 65 ویں سالگرہ کے موقع پر سیمینار سے خطاب

منگل 24 مئی 2016 19:21

اسلام آباد ۔ 24 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور منصوبہ ترقی و خوشحالی کی راہداری ثابت ہو گا ،پاکستان گوادر کی ترقی کے ساتھ ساتھ خطہ میں دیگر بندرگاہوں کے قیام کا بھی خیرمقدم کرے گا،پاک چین تعلقات دو ممالک کے عوام نہیں ،ایک ارب لوگوں کے تعلقات ہیں، ہماری دوستی پورے خطہ اور دنیا کیلئے فائدہ مند ہے ، اقتصادی کوریڈور خطہ میں امن و خوشحالی کا بڑا ذریعہ ہو گا، اس کوریڈور پر چلنے والے قافلے دوسرے ممالک کو فتح کرنے کیلئے نہیں ہوں گے بلکہ خطہ کے لوگوں کو تعلیم و صحت سمیت بنیادی ضروریات زندگی فراہم کرنے کیلئے ہوں گے اور امن کی یہ شاہراہ خطہ میں خوشحالی کے ثمرات لائے گی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے منگل کو یہاں پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (پی بی سی) میں پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 65 ویں سالگرہ کے موقع پر وزارت اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ کے زیر اہتمام سیمینار ”پاکستان اور چین آہنی بھائی“ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اکنامک کوریڈور منصوبے سے لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، ترقی کے چشمے جاری ہوں گے جس سے انسانیت کو فائدہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بچوں کو بہتر مستقبل دیں گے، خطہ سے غربت اور جہالت کا خاتمہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے کروڑوں لوگوں کا ایک دوسرے سے تعاون ہو گا، ہم ایک دوسرے کے دلوں کو جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کسی ملک سے دشمنی نہیں رکھتے بلکہ سب کے ساتھ امن اور دوستی چاہتے ہیں۔ گذشتہ 65 سالوں میں داخلی اور خارجی تبدیلیوں کے باوجود دونوں ممالک کے تعلقات میں استحکام آیا اور یہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور عوام کی امنگوں کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی وابستگی، پیشہ یا نسل سے قطع نظر پاکستانیوں میں مکمل اتفاق رائے ہے کہ چین ہمارا پرخلوص دوست اور سٹرٹیجک پارٹنر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممالک کے درمیان تعلقات عمومی طور پر قومی مفادات پر مبنی تصور ہوتے ہیں اور پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات دنیا کے ممالک کیلئے مفاہمت، باہمی مفاد اور عوامی سطح پر روابط کی مثال ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات صرف دونوں ممالک کے عوام کے تعلقات نہیں بلکہ یہ ایک ارب سے زائد لوگوں کے تعلقات ہیں، ہماری دوستی نہ صرف دونوں ممالک کے عوام کیلئے مفید ہے بلکہ پورے خطہ اور دنیا کیلئے بھی فائدہ مند ہے جس سے دنیا میں امن و خوشحالی کو فروغ ملا ہے اور اب چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور ترقی و خوشحالی کی راہداری ثابت ہو گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ خطہ میں بندرگاہوں اور شاہرات کی تعمیر سے عوام ایک دوسرے کے قریب آئیں گے، دلوں میں محبت پیدا ہو گی، اس لئے پاکستان گوادر کی ترقی کے ساتھ ساتھ خطہ میں دیگر بندرگاہوں کے قیام کا بھی خیرمقدم کرے گا، ان بڑے منصوبوں سے خطہ سے غربت اور پسماندگی کا خاتمہ ہو گا اور عوام کی زندگیوں میں خوشحالی آئے گی۔