پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور فیصل آباد کے صنعت کار سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے پر عزم

سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں ہر ممکن حد تک دور کی جائیں گی، مس آمنہ چیمہ

منگل 24 مئی 2016 19:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 مئی۔2016ء) مقامی کاروباری افراد کو درپیش رکاوٹیں دور کرنے کے ایک جامع منصوبے پر عمل کرتے ہوئے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر اور سیکٹر ماہرین پر مشتمل ٹیم نے گزشتہ روز ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد (FCCI) کا دورہ کیا۔ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے صدر چودھری محمد نواز نے خطے میں تجارت و سرمایہ کاری کی سرگرمیاں بڑھانے کے لیے حکومت پنجاب اور بالخصوص وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی کاوشوں کو سراہا جن کے تحت خصوصی اقتصادی زونز پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔

انھوں نے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ پر زور دیا کہ فیصل آباد میں ایوان صنعت و تجارت کے ذریعے ون ونڈو سہولیات مہیا کرے۔ ان کے مطابق ’’مقامی سرمایہ کاری کو نئی راہیں دکھانے کے ذریعے پاکستان کو بہت فائدہ ہو گا اور اسی چیز کو ہدف بنانا چاہیے۔

(جاری ہے)

‘‘ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے سینئر نائب صدر نے کہا کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس، امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے، صنعتوں کو بجلی کی سپلائی اور فیصل آباد میں صنعت کاروں کو ایل این جی کی سپلائی کی شکل میں حکومتِ پنجاب کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔

’’ٹیکسٹائلز سیکٹر کے لیے زیرو ریٹنگ، بالخصوص ٹیکس کاری کے نظام کے حوالے سے کاروبار کرنے، ماحولیات دوستی، رجسٹریشن اور انسپکشن میں آسانی کی بدولت نجی شعبے کی سرمایہ کاری میں تیزی سے اضافہ ہو سکتا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’اِن پُٹس اور قواعد و ضوابط کو خطے کی دیگر معیشتوں جیسا منطقی بنانے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان کی برآمدات بین الاقوامی منڈی میں مقابلہ کر سکیں۔

‘‘ اُنھوں نے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سے درخواست کی کہ نئے پیدا ہونے والے معاملات پر معاونت کی جائے جو FCCI تحریری شکل میں بورڈ کو بھجوائے گا۔پنجاب سرمایہ کاری بورد کی چیف ایگزیکٹو آفیسر مس آمنہ چیمہ نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور درخواست کی کہ حکومت اور نجی شعبہ کے درمیان تعلقات کو مزید فعال بنانا چاہیے۔ اُنھوں نے پنجاب میں SMEs بنانے اور بیرونی کمپنیوں کے ساتھ مقامی کمپنیوں کے مشترکہ منصوبوں کے حوالے بورڈ کے منصوبوں نے آگاہ کیا۔

اُنھوں نے بالخصوص ٹیکسٹائل سیکٹر میں ناکارہ/بیمار صنعتی یونٹوں کو بحال کرنے کے سلسلے میں نجی شعبہ سے تعاون کرنے کا کہا۔مس آمنہ چیمہ نے ترقی کی راہ ڈالنے والے شعبوں میں ہر ممکن مدد کی پیش کش کی۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’حکومت نے حالیہ برسوں کے دوران توانائی کے شعبے اور سڑکوں کا جال بچھانے پر بھاری سرمایہ کاری کی ہے جس کے مثبت نتائج جلد ہی سامنے آنے لگیں گے۔

‘‘اُنھوں نے کاروباری حضرات سے درخواست کی کہ وہ آگے آئیں اور پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ساتھ مل کر دنیا بھر میں پنجاب کی مارکیٹنگ کریں۔ انھوں نے یقین دہانی کروائی کہ ون ونڈو سروسز تمام صنعتی علاقوں تک پھیلائی جائیں گی اور اس سلسلے میں کاغذی کارروائیوں، منظوریوں، فائلنگ اور رپورٹ کے لیے رقم اور وقت کے خرچ کو کم سے کم سطح پر لایا جائے گا۔

میٹنگ کے شرکاء نے پاک چین اقتصادی راہداری، فیصل آباد ملتان موٹر وے، ہیلپ ڈیسک کے قیام، SMEs کے لیے صنعتی کلسٹرز بنانے، مقابلہ بازی کی سطح بڑھانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور مہارتوں کی ترقی کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے FCCI کے اراکین سے ملاقات کو سراہا گیا۔ کاروباری حضرات کا خیال تھا کہ اس طرح مقامی کاروباری افراد کو مربوط کرنے میں مدد ملے گی۔ صدر FCCI چودھری محمد نواز، سینئر نائب صدر ضیا علمدار حسین، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین اور فیصل آباد کی کچھ بڑی کمپنیوں اعلیٰ عہدیدار بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :