جماعۃالدعوۃ کاصدر اوبامہ کی طرف سے پاکستان میں حملے جاری رکھنے کے دھمکی آمیز بیان کیخلاف جمعہ کو ملک گیر یوم احتجاج کا اعلان

امریکی ڈرون حملوں کے ذریعہ پاکستانی سرحدی حدود کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جاسکتی، امریکہ اور اتحادی ڈرون حملے کرکے اس کے ردعمل میں خودکش حملے پروان چڑھانا چاہتے ہیں حکومت پاکستان امریکی صدرکی دھمکی پر کسی صورت خاموشی اختیار نہ کرے ، محض امریکی سفیر کی دفتر خارجہ طلبی کافی نہیں،جماعۃالدعوۃ پاکستان کے امیر حافظ سعید کابیان

منگل 24 مئی 2016 19:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 مئی۔2016ء) جماعۃالدعوۃ پاکستان کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے پاکستانی سرحدی حدود میں ڈرون حملے اور امریکی صدر اوبامہ کی طرف سے پاکستان میں حملے جاری رکھنے کے دھمکی آمیز بیان کیخلاف جمعہ 27مئی کو ملک گیر یوم احتجاج کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ اس سلسلہ میں جماعۃالدعوۃ کی طرف سے لاہور، اسلام آباد، کراچی، حیدرآباد، ملتان اور پشاور سمیت پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے، ریلیاں نکالی جائیں گی اور جلسوں ، کانفرنسوں و سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا۔

منگل کواپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ امریکی ڈرون حملوں کے ذریعہ پاکستانی سرحدی حدود کی خلاف ورزی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ یہاں ڈرون حملے کئے جائیں اورپھر اس کے ردعمل میں خودکش حملے پروان چڑھائے جائیں تاکہ وطن عزیز پاکستان کو نقصانات سے دوچار کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

حکومت پاکستان کو امریکی صدراوبامہ کے دھمکی آمیز بیانات پر کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کرنی چاہیے ۔

محض امریکی سفیر کی دفتر خارجہ طلبی کافی نہیں ہے ۔ سیاسی و عسکری قیادت کواس سلسلہ میں مضبوط ردعمل کا اظہار کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ اوبامہ کی دھمکیوں سے ایک مرتبہ پھر یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ امریکہ پاکستان کا اتحادی نہیں ہے بلکہ اس نے ڈرون حملوں کے ذریعہ وطن عزیز پاکستان کے خلا ف غیر اعلانیہ جنگ چھیڑ رکھی ہے۔ایمنسٹی انٹر نیشنل، سلامتی کونسل اور دیگر کئی عالمی ادارے ڈرون حملوں کو جنگی جرم قرار دے چکے ہیں لیکن اس کے باوجود امریکی پاکستان میں ڈرون حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔

ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت کو اس سلسلہ میں دنیا کے ہر فورم پر بھرپور آواز بلند کرنی چاہیے۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ جمعہ کو ڈرون حملوں کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج کے ذریعہ دنیا پر ثابت کریں گے کہ پوری پاکستانی قوم ان حملوں کے خلاف ہے اورملکی سرحدی حدود کی خلاف ورزیوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ یوم احتجاج کے دوران ملک بھر میں کئے جانے والے احتجاجی مظاہروں میں دیگر مذہبی وسیاسی جماعتوں کے قائدین کو بھی شریک کیا جائے گا تاکہ ڈرون حملوں کے ذریعہ کی جانے والی دہشت گردی کے خلاف موثر انداز میں آواز بلند کی جا سکے۔

انہوں نے کہاکہبیرونی قوتیں مسلمانوں کو باہم دست و گریبان کرنا چاہتی ہیں۔ امت مسلمہ اس وقت سخت امتحانات اور آزمائشوں سے دوچار ہے مایوس وپریشان ہونامسئلہ کا حل نہیں ہے۔ ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ امت مسلمہ اسلام دشمن قوتوں کے مقابلہ کیلئے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہو جائے۔ ڈرون حملے پاکستان کی سالمیت و خودمختاری پر حملہ ہیں۔ حکمرانوں و سیاست دانوں سمیت عوام کا ہر طبقہ ملک و ملت کے دفاع کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔اغیارکی غلامی سے نکلے بغیر خطوں وملکوں کا تحفظ ممکن نہیں ہے۔